قانون پر عدم عملدرآمد، نجی اسکول کے مزید دو کیمپسز کی رجسٹریشن معطل

February 03, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے قانون پر عملدرآمد نہ کرنے، سالانہ فیس لیب چارجز کی غیر قانونی وصولی اور ماہانہ فیسوں میں من مانا اضافہ کرنے پر شاہین پبلک اسکول کے مزید دو کیمپسز واقع گلستان جوہر بلاک 2 اور گلشن اقبال بلاک 7 کی رجسٹریشن معطل کر دی ہیں اسکول کو وصول کی گئی اضافی فیسیں طلبہ کو واپس کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے. اس کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹوریٹ نے برٹش کونسل کراچی کو ایک خط لکھا ہے کہ شاہین پبلک اسکول کا کوئی بھی کیمپس او لیول کلاسز کے لئے رجسٹرڈ نہیں کیا گیا اگر بر ٹش کونسل کے پاس اسکول انتظامیہ نے کوئی دستاویز جمع کرائی ہیں تو وہ ڈائریکٹوریٹ کو بھیج دی جائیں، کیونکہ اسکول کی گلستان جوہر بلاک 2 میں قائم کیمپس میں اولیول کی کلاسز منعقد کی جاتی ہیں اور طلبہ ان امتحانات میں بھی شرکت کرتے ہیں مزید اے کیو خان اسکول سسٹم نارتھ ناظم آباد کراچی کو زائد فیسوں کی وصولی پر وضاحتی خط جاری کرتے ہوئے زائد فیسیں طلبہ کو واپس کرنے اور سات روز کے اندر اندر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے. بصورتِ دیگر اسکول کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔