بھارتی فوج کشمیر میں بے گناہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے، خیبرپختونخوا کلچر

February 03, 2023

پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور گرین اسکائی انٹرٹینمنٹ کے باہمی تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر 5 فروری کو نشتر ہال پشاورمیں ”ہاں میں کشمیر ہوں“ کے عنوان سے ایک تھیٹر ڈرامے کا انعقاد کرے گی جس کا مقصد مقبوضہ وادی کشمیر میں ظلم و ستم کا سامنا کرنے والے لوگوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔تھیٹر ڈرامے کو نعیم اقبال کوہاٹی نے تحریر کیا ہے اور اس کی ہدایات خالد خٹک کی ہیں۔ڈرامے میں کشمیریوں کی تحریک آزادی، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد کو پیش کرنے سمیت بھارتی فوج کی بربریت کو اجاگر کیا جائے گا جو کشمیر میں بے گناہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔فلم کی کہانی پانچ کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو سینئر ڈرامہ اور سٹیج فلم کے فنکاروں باطن فاروقی، سہیل اسد، ثمینہ سحر، ارم سحر اور خالد خٹک نے ادا کیے ہیں۔ کاسٹ میں طاہر قریشی، آصف شہزاد، ہریش چندر، تحسین جاوید، سلیم شوق اور حسن منیر بھی شامل تھے۔کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اس ڈرامے کو کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھانے کے عزم کے تحت منعقد کررہی ہے جو بہادری کیساتھ بھارتی فوج کے مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔اس ڈرامے میں مقامی اداکاروں اور اداکاراؤں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ تھیٹر، ڈرامے اور اسٹیج ڈراموں کو بحال کرنے کے لیے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی کوششوں میں مدد ملے۔