شیخ رشید کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، حاجی محمد منیر

February 04, 2023

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ برطانیہ کے چیف آرگنائزر حاجی محمد منیر نے پاکستان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مزمت کی ہے، حاجی محمد منیر نے شیخ رشید کی گرفتاری کو انتقامی کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی کی حکومت ملک میں اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ، حاجی محمد منیر نے کہا کہ فواد چوہدری کی رہائی کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت نے منظم سازش سے غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر شیح رشید کو بلاجواز گرفتار کیا ، ان پر جو الزامات لگائے گئے ہیں ان کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں، حاجی محمد منیر نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے واقعہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کیخلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ حاجی محمد منیر نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ڈالرز کی خاطر پاکستان میں سیکڑوں ڈرون حملے ہوئے ، افغانستان سے لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان آئے ، فیض آباد چوک کے قریب اوجڑی کیمپ میں ہونے والے اسلحہ ڈپو میں دھماکے کا ذمہ دار کون تھا، اس سانحہ کو عوام سے کیوں چھپایا گیا، کارگل کمیشن نواز شریف کے دور میں کیوں قالین کے نیچے ڈالاگیا ، انہوں نے کہا ملک میں قانون اور انصاف کی بالادستی قائم کرنے کیلئے فوری انتخابات کرائے جائیں اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو باعزت رہا کیا جائے ۔