انگلینڈ کی پانچ ایمبولینس سروسز کا سٹاف 10فروری کو ہڑتال کرے گا

February 04, 2023

لندن (پی اے) یونیسن نے کہا ہے کہ انگلینڈ بھر کی پانچ سروسز لندن،یارک شائر،دی ساؤتھ ویسٹ،نارتھ ایسٹ اور نارتھ ویسٹ کا ایمبولینس سٹاف جمعہ 10 فروری کو واک آؤٹ کرے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب این ایچ ایس میں تنخواہ کے تنازع پر بدھ کے سوا ہفتے سے ہر روز ہڑتالیں ہوں گی۔ اس دوران 999 پر جان لیوا کالز اٹینڈ کی جائیں گی لیکن دیگر کالز موصول نہیں ہو سکیں گی۔ ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ ہڑتالوں کے مسلسل صنعتی اقدام سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ این ایچ ایس میں صنعتی اقدام کا سب سے بڑا دن 6 فروری ہوگا، جب انگلینڈ اینڈ ویلز میں بہت سی نرسز اور ایمبولینس کریو ہڑتال کرے گا۔ وزیراعظم کے سرکاری ترجمان نے کہا کہ ہم اس صورت حال کے اثرات کو خاصا کم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں جیسا کہ ہم نے ہڑتالوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کیلئے کئے تھےلیکن سب سے پہلے اور انتہائی اہم بات یہ ہے کہ ہم یونینز سے کہیں گے کہ وہ اپنی اپروچ پر نظرثانی کریں اور بات چیت جاری رکھیں۔ یونیسن کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے مصارف زندگی کے بحران میں موجودہ اضافہ ناکافی ہے۔ ورکرز آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ حکومت کو یہ ڈرامہ بند کر دینا چاہئے کہ ہڑتالیں رک جائیں گی۔یونیسن نے کہا کہ حکومت کو ملازمین کی تنخواہوں کو بہتر بناتے ہوئے اس تنازع کو ختم کرنے کا فیصلہ کن اقدام کرنا چاہئے۔ یونین نے کہا کہ حکومت کو این ایچ ایس کی تنخواہ کے بارے میں بڑی نظرثانی کرنی چاہئے اور یونینز کے ساتھ حقیقی مذاکرات میں شامل ہونا چاہئے۔ اس نے اعلان کیا کہ ہڑتالوں کی تاریخیں مارچ تک جائیں گی۔ دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ افراط زر کے تناسب سے زیادہ تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ پورا کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ این ایچ ایس انگلینڈ اینڈ ویلز میں انڈی پینڈنٹ پے ریویو باڈیز بشمول نرسز کرتی ہیں، جو پہلے ہی اوسطاً 4.75 فیصد اضافہ حاصل کر چکے ہیں۔ کم ترین ادائیگی والوں کو کم ازکم 1400 پونڈ اضافے کی ضمانت دی گئی تھی۔ دریں اثناء ایم پیز کو بتایا گیا کہ ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر این ایچ ایس کے 10 لاکھ سے زائد سٹاف کیلئے اگلے سال کے پے ایوارڈ کیلئے تنخواہ شواہد جمع کرانے کی آخری تاریخ مس کر گیا ہے۔ سابق ہیلتھ منسٹر سٹیو برائن، جو اب ہاؤس آف کامنز کی ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر کمیٹی کے سربراہ ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ اس صورت حال پر حیران ہیں۔ ڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریژری نے ثبوت جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے محنتی پبلک سیکٹر ورکرز کیلئے بروقت ایوارڈز کا اعلان کرنے کیلئے پرعزم اور مخلص ہے۔ ہم 20232-2024 کی پے سیٹلمنٹس کو جلد از جلد یقینی بنانے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں اور اس سلسلے میں کام جاری ہے۔ حکومت پے ریویو باڈیز کیلئے اپنے شواہد وقت پر شائع کرے گی۔