جبل نور وملحقہ علاقے کی زمینیں مقامی قبائل کی ہیں، شکیلہ نوید

February 04, 2023

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری رکن اسمبلی شکیلہ نوید دہوار اور پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر غلام نبی مری نے گزشتہ روز جبل نور پر کھیازئی قبائل اور علاقہ مکینوں کی طرف سے اپنی زمینوں پر قبضے کے خلاف جاری دھرنے میں جا کر پارٹی کی طرف سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جبل نور و ملحقہ علاقے کی زمینیں جدی پشتی مقامی قبائل کی ملکیت ہیں اور ان کے پاس تمام سرکاری دستاویزات موجود ہیں، لیکن گزشتہ چند سال سے ان کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ہمیں کسی صورت نا قابل قبول ہے ، اس سے پہلے وہاں قبرستان پر قبضے کی کوشش کی گئی ، لینڈ مافیا سے ملکر مقامی بلوچوں کو اپنی آباؤ اجداد کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی کوشش اور اب وہاں ایک مارکیٹ کے نام پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ جس جگہ پر انتظامیہ مارکیٹ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، یہ کوئی سرکاری زمین نہیں بلکہ کھیا زئی بلوچوں کی زمینیں ہیں جس کا کوئی جواز نہیں بنتا کہ وہاں مارکیٹ بنائی جائے، ایسے فیصلوں سے ایک سوچی سمجھی سازش اور منصوبے کے تحت قبائل میں اشتعال پیدا کر کے آپس میں دست و گریباں اور دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بی این پی ہر قسم کی نفرت تعصب اور تنگ نظری کیخلاف ہے، لیکن کسی کے ساتھ نا انصافی برداشت نہیں کرینگے ۔اس موقع پر قبائلی رہنماء ٹکری بہادر علی کھیازئی، حاجی صوفی محمدکھیازئی، حاجی عبدالفتیح کھیازئی، ضلعی کونسلران ماما نور خان کھیازئی ، میر عبدالحئی کھیازئی ، نیاز محمد حسنی، ثناء اللہ کھیازئی، میر عبدالعلی کھیازئی، آغا داؤد شاہ، ملک سرور دہوار ،ثاقب دہوار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔