ایل ڈی اے کے سکولوں میں تقاریب ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

February 06, 2023

لاہور(خبرنگار) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایل ڈی اے کے تمام سکولز میں مختلف تقاریب ہوئیں۔اس موقع پربھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریریں کی گئیں اورخصوصی واک ہوئی ۔ واک کا آغاز میاں پلازہ جوہر ٹاؤن سے ہوااور یہ شوکت خانم ہسپتال پر اختتام پذیر ہوئی۔ مقررین نے کہاکہ نریندرمودی حکومت کی غاصبانہ پالیسیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بھارتی مظالم کابڑی جرات کے ساتھ مقابلہ کرنے پردنیابھرکے مسلمان نہتے کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ واک کے شرکاء نے بھارتی مظالم کی مذمت اورکشمیری حریت پسندوں کوخراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف بینرزاورپلے کارڈذبھی اٹھارکھے تھے۔ شرکاء نے کشمیریوں کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اورکشمیرکی آزادی کے لیے دعامانگی۔واک میں ایل ڈی اے کے تمام اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے ڈائریکٹر ایجوکیشن ایل ڈی اے غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں شرکت کی۔