فرانس: گھر میں آتشزدگی، دم گھٹنے سے ماں اور 7 بچے ہلاک

February 07, 2023

پیرس (جنگ نیوز) شمال مشرقی علاقے میں گھر میں آتشزدگی کے واقعے میں ماں اور7بچے دم گھٹنے کے باعث چل بسے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گھر میں آتشزدگی کا واقعہ پیرس سے82کلو میٹر دور چارلے سرمانے شہر میں پیش آیا ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گھر میں آگ رات کو لگی جب سب سو رہے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے گراؤنڈ فلور سے دھواں پورے گھر میں پھیل گیا۔گھر میں آگ لگنے کی اطلاع پڑوسیوں نے دی اور ریسکیو آپریشن میں80فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔مقامی پراسیکیوٹر نے تصدیق کی کہ گھر میں آگ کپڑے سکھانے والی مشین میں لگی اور دم گھٹنے سے ماں اور 7 بچے انتقال کرگئے۔ ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 2 سے 14 سال کے درمیان ہیں اور مرنے والوں میں 5 بچیاں اور 2 بچے شامل ہیں۔حکام کے مطابق بچوں کو بچانے کی کوششوں کے دوران والد بری طرح جھلس گئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔