سرکیڈین رِدھم فاسٹنگ کیا ہے؟

February 09, 2023

اگر آپ خود کو انتہائی تھکاوٹ کا شکار، کمزور، بوجھل اور پریشان محسوس کر رہے ہیں، اور اپنے کام یا کسی اور چیز پر توجہ مرکوز کرنے سے قاصر ہیں تو آپ اکیلے نہیں ہیں۔ پچھلی دو دہائیوں میں، ہمارے طرز زندگی میں زبردست تبدیلی آئی ہے۔ ہم سب کو بہت سے بیرونی محرکات اور ٹیکنالوجیز تک رسائی حاصل ہے، جو ہمارے کھانے، سوچنے اور سونے کے انداز کو متاثر کرتی ہیں اور مختلف طریقوں سے ان میں عدم توازن بھی پیدا کر سکتی ہیں۔

انسانی جسم کو ایک مخصوص سرکیڈین ردھم میں کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو ہمارے جسم کے مختلف عمل جیسے کہ کھانا، نیند، ہاضمہ، ہارمون کا اخراج اور یہاں تک کہ ہمارے تناؤ کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے۔ لہٰذا، ہمیں اپنے جسم کو ان عوامل کے ساتھ مربوط رکھنا چاہیے۔ ٹریک پر واپس آنے کا ایک بہترین طریقہ کھانے میں وقفہ (فاسٹنگ) ہے۔ اسے میٹابولک ٹاکسن کے اختلاط، نظام انہضام کو صاف کرنے اور مجموعی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم عمل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

سرکیڈین ردھم اور انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ میں فرق

انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ میں ہر روز کئی گھنٹے سے لے کر ہفتے کے مخصوص دنوں تک کھانے سے پرہیز کرنا شامل ہے جبکہ سرکیڈین ردھم فاسٹنگ اپنے جسم کی اندرونی گھڑی کے ساتھ وقت کی پابندی کرتے ہوئے کھانے کے شیڈول پر عمل کرنے کا نام ہے۔ سرکیڈین ردھم فاسٹنگ وقت کی پابندی کے ساتھ کھانے پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور صبح کے وقت فاقہ کرنے کے بجائے کچھ کھانے پر زور دیتا ہے۔ اس قسم کی فاسٹنگ میں ایک شخص صرف مخصوص اوقات میں کھاتا ہے، مثال کے طور پر صبح آٹھ بجے سے شام سات بجے کے درمیان۔

وقت کی پابندی کے ساتھ کھانا کھلانا اس قسم کا بنیادی جزو ہے، اس پلان کا تقاضا ہے کہ انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کے برعکس (جو آپ کو اپنے کھانے کے شیڈول کا تعین کرنے کی اجازت دیتا ہے) آپ سات بجے یا اس کے قریب کھانا کھانا چھوڑ دیں۔

اس کے علاوہ، سرکیڈین ردھم فاسٹنگ استعمال کی جانے والی کیلوریز کی تعداد کو محدود کرنے پر زور دینے کے بجائے صرف ان گھنٹوں پر اصرار کیا جاتا ہے جن کے دوران آپ کیلوریز کھاتے ہیں۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ چونکہ کھانا کھانے کیلئے وقت کی پابندی ہے، اس لیے آپ کو بغیر کھائے پورا دن نہیں گزارنا پڑتا۔

سرکیڈین ردھم سے ہم آہنگی

سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ سرکیڈین ردھم فاسٹنگ شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے بات کریں تاکہ صحت کے کسی بنیادی مسئلے کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ اگر آپ کا معالج گرین سگنل دیتا ہے، تو آپ کو چند باتیں ذہن میں رکھنی چاہئیں:

٭ سرکیڈین ردھم پر عمل کرنے کے لیے صبح 8 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان کھائیں۔

٭ اگرچہ اس بارے میں کوئی اصول نہیں ہیں کہ کیا کھایا جائے، تازہ سبزیاں، پھل، ہول گرین یا جوار کھائیں جبکہ چینی کا استعمال کم کرنا ہمیشہ بہتر ہوتا ہے۔

٭ میٹھے مشروبات یا الکوحل والے مشروبات کو ترک کرنا بھی شامل ہے۔ پانی کے علاوہ باقی چیزوں سے پرہیز کریں۔

٭ فائبر کی مقدار میں اضافہ کریں۔

٭ صبح کے وقت 20منٹ سورج کی روشنی کا سامنا کرنا ایک نعمت ہے۔

٭ اچھی صحت کو فروغ دینے کے لیے صرف کھانے کے منصوبے پر عمل کرنا کافی نہیں ہے۔ لہٰذا، ورزش کو اپنے روزمرہ معمول کا حصہ بنائیں۔

٭ رات 8 بجے کے بعد ٹی وی دیکھنا، موبائل استعمال کرنا اور نیلی روشنی کی کسی بھی نمائش کو محدود کریں۔

٭ جلدی سو جائیں اور سونے سے ایک گھنٹہ پہلے ہر قسم کی تیز روشنی بند کر دیں۔

٭ بہترین، اچھی نیند لینا اس کا لازمی حصہ ہے۔ مثالی طور پر، یہ کم از کم سات گھنٹے ہونا چاہیے۔

فوائد

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ سرکیڈین ردھم فاسٹنگ بہت سے فوائد فراہم کر سکتی ہے، جیسے کہ وزن میں کمی، جسمانی چربی میں کمی، کم بلڈ پریشر، ایل ڈی ایل یا خراب کولیسٹرول میں کمی، ایچ ڈیل ایل یا اچھے کولیسٹرول میں اضافہ، فاسٹنگ انسولین اور گلوکوز کی سطح میں کمی اور انسولین مزاحمت کم کرنا شامل ہیں۔ نتیجے کے طور پر، وقت پر پابندی والی خوراک ذیابطیس، ہائی بلڈ پریشر، اور ہائی کولیسٹرول کو روکنے یا ان کے انتظام میں مدد کے لیے استعمال کی جانے والی حکمت عملی ہو سکتی ہے۔

وزن میں کمی سرکیڈین ردھم فاسٹنگ کا خاص طور پر قابل قدر فائدہ ہوسکتا ہے کیونکہ بہت سے لوگوں کو صرف طرز زندگی میں تبدیلیوں کے ذریعے وزن کم کرنا یا وزن میں کمی کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے اور وزن میں کمی کے طریقے اکثر متعدد پیچیدگیوں کا پیش خیمہ ہوتے ہیں۔ کچھ محققین یہ قیاس کرتے ہیں کہ وقت پر پابندی سے کھانے کا شیڈول بالواسطہ طور پر سرکیڈین ردھم کو مضبوط بنا کر اضافی فوائد فراہم کر سکتا ہے۔

سرکیڈین ردھم پر عمل کرنے سے بیماری کے کم خطرے اور طویل عمر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ابتدائی مطالعے یہ بھی بتاتے ہیں کہ وقت کی پابندی کرکے کھانے سے ممکنہ طور پر کینسر کو روکنے، سوزش کو کم کرنے اور نیوروڈیجینریٹیو بیماری سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے، لیکن مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

سرکیڈین ردھم ہر کسی کیلئے نہیں

عموماً اکثر لوگ سرکیڈین ردھم فاسٹنگ یا وقت کی پابندی کرکے کھانے کے شیڈول کو آسانی سے برداشت کرلیتے ہیں۔ تاہم، کھانے کا یہ انداز سب کے لیے بہترین انتخاب نہیں ہوسکتا۔ چونکہ ابتدائی وقت پر پابندی والے کھانے کے نتیجے میں استعمال کی جانے والی کیلوریز میں کمی واقع ہوتی ہے، اس لیے جن لوگوں کی عمر زیادہ ہے یا وزن کم ہے، اگر وہ اپنے کھانے کے اوقات کو محدود کرتے ہوئے مناسب نہیں کھاتے تو منفی طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔ جن لوگوں نے کھانے میں بے ترتیبی کا تجربہ کیا ہے، انھیں بھی کھانے پر پابندی لگانے سے پہلے احتیاط کرنی چاہیے، بشمول دن کے وقت۔

چونکہ وقت کے پابند کھانے میں ایک خاص کھانے کا شیڈول شامل نہیں ہوتا، اس لیے مختلف لوگ اسے مختلف طریقے سے انجام دے سکتے ہیں۔ دن میں بہت دیر سے کھانے کے اوقات طے کرنا درحقیقت سرکیڈین ردھم کے ساتھ ہم آہنگی کا سبب نہیں بن سکتا۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کھانے کا شیڈول جو کسی شخص کی سرکیڈین ردھم کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہے، اس کے موٹے ہونے یا میٹابولک مسائل جیسے انسولین کے خلاف مزاحمت کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔