فیض حمید کا کورٹ مارشل کیا جائے، ثاقب نثار نے قوم سے ظلم کیا، مریم نواز

March 09, 2023

لاہور( ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے کور ٹ مارشل کیا جائے، ثاقب نثار نے قوم سے ظلم کیا، جب بھی بینچ بنتا ہے تو اب لوگوں کو پتا ہوتا ہے کہ فیصلہ کیا آئیگا، انصاف کے دو معیار ہیں، ایک مسلم لیگ (ن) کیلئے اور ایک دوسری جماعت کیلئے ہے، بزدل کی نشانی ہےکہ جانے والے چیف کا گریبان اور آنے والے کے پاؤں پکڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرویو میں کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ فیض حمید نے 4 سال عمران حکومت کی حمایت کرکے ملک تباہ کرنے میں کردار ادا کیا اور 2سال (ن) لیگ کی حکومت گرانے میں کردار ادا کیا، غیر آئینی کردار پر فیض حمید کو نشانِ عبرت بنانا چاہیے اور ان کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ فیض حمید حاضر سروس تھے تو وہ ان کے خلاف عدالت گئی تھیں، ان کیخلاف عدالت میں ثبوت کیساتھ درخواست جمع کرائی۔