• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ بندی کے بعد عمران خان کی پیرول پر رہائی کے امکانات تاریک ہوگئے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) بھارت کے ساتھ جاری جنگ میں امریکی مداخلت سے ہونے والی جنگ بندی کے باعث تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی پیرول پر رہائی کے امکانات تاریک ہوگئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے اپنے وکیل قومی اسمبلی کے رکن لطیف کھوسہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں گزشتہ ہفتے درخواست دائر کی تھی کہ بھارتی ڈرونز حملوں کے باعث اڈیالہ جیل میں 190ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں سزائے قید بھگت رہے عمران خان اور انکی اہلیہ کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں اس بنا پرانہیں پیرول پررہا کیا جائے تاکہ وہ کسی محفوظ جگہ منتقل ہوسکیں۔ ہائی کورٹ نے یہ درخواست فنی وجوہ سے واپس کردی تھی کیونکہ اس میں عمران اور نیب کو فریق ہی نہیں بنایا گیا تھا۔ جس مقدمے میں عمران سزا بھگت رہا ہے نیب نے اسے دائر کیا تھا۔ توقع تھی کہ اس فنی عذر کو دور کرکے آج (پیر) دوبارہ درخواست دائر کی جائیگی۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب جبکہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی ہوگئی ہے تو اڈیالہ جیل پر ڈرون گرنے کا خطرہ ہی ختم ہوگیا ہے تو درخواست میں بنائی گئی بنیاد ہی منہدم ہوگئی ہے۔ یہ مر قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ارکان نے بھارتی جارحیت کےخلاف قومی اسمبلی میں بحث کے دوران بار بار مطالبہ کیا تھاکہ عمران کو رہا کیا جائے متعدد ارکان نے یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ عمران کوآصف علی زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ لاکر بٹھایا جائے تاکہ پاکستان کے دشمنوں کو ملک سے یکجہتی کا پیغام جائے۔ حکومت نے اس مطالبے کو نظرانداز کردیا۔

اہم خبریں سے مزید