• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت کشیدگی، بیورو کر یسی کی ترقی کا عمل بھی التوا کا شکار

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) حالیہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے بیورو کر یسی کی ترقی کا عمل بھی التوا کا شکار ہوگیا،ایف بی آر کے سات افسروں کو گریڈ22میں ترقی دینے کیلئے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا اجلاس گزشتہ ہفتے ہونا تھا جو ملتوی کردیاگیا، یہ اجلاس اب رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ بورڈ میں ان لینڈ ریونیو سروس کے چار اور پا کستان کسٹم سروس کے تین افسروں کو گریڈ اکیس سے بائیس میں ترقی دی جا ئے گی۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اسلام اآ باد ہائی کورٹ میں یہ اجلاس بلانے کی یقین د ہانی کرائی تھی،بورڈ کے چیئرمین وزیر اعظم خود ہیں تاہم انہوں نے گزشتہ اجلاس کی صدارت کیلئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارکو نامزد کردیاتھا،دریں اثنا سنٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کودو ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک گریڈ انیس اور بیس کے سات سو سے زائد افسروں کی ترقی کی منظوری کا عمل بھی التوا کا شکار ہے،یاد رہے کہ مارچ کے دوسرے ہفتے میں سنٹرل سلیکشن بورڈ نے مختلف سروس گروپوں اور وفاقی محکموں کے ایکس کیڈر افسروں کو گریڈ انیس سے بیس اور بیس سے اکیس میں ترقی دینے کی منظوری دی تھی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بورڈ کی سفارشات حتمی منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھجوا دی تھیں، تین ہفتوں سے یہ سفارشات وزیر اعظم آفس میں پڑی ہیں ،توقع ہے کہ رواں ہفتے وزیر اعظم ان سفارشات کی منظوری دیں گے، منظوری کے بعد ہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ان افسروں کی ترقی کے با ضابطہ نو ٹیفکیشن جا ری کرے گا، منظوری میں تاخیر کی وجہ سے ترقی کے منتظر سات سوافسروں میں مایوسی اور بے چینی پائی جا تی ہے،ترقی کی منظوری کے بعد بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کئے جائیں گے جس کیلئے پوسٹنگ پلان تیار کئے جا چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید