اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاک بھارت تعلقات سے متعلق بیان کا خیر مقدم کیا ہے اور کہاہے کہ امریکی صدر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آمادگی اور پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارت میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے اور دونوں ممالک کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے بھی کام کریں گے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کی قیادت کی جانب سے جنگ بندی کے فیصلے کو ”تاریخی اور جرات مندانہ“ قرار دیا اور کہا کہ امریکا کو فخر ہے کہ اس نے اس اہم لمحے میں کردار ادا کیا۔ صدر ٹرمپ کے بیان کے تناظر میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ بندی میں دوست ریاستوں کے ساتھ مل کر امریکہ کے تعمیری کردار کی تحسین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ تنازع ہے جو جنوبی ایشیا کے امن و استحکام پر براہ راست اثرانداز ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکی صدر کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹرمپ کی قیادت اور فعال کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی امن و استحکام کے لیے امریکہ کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان نے خطے کے امن و استحکام کے مفاد میں فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرخارجہ مارکو روبیو کا شکریہ بھجی ادا کیا۔