IMF دباؤ پر ڈالر ذخیرہ کرنیوالے کمرشل بینکوں کیخلاف کارروائی روکی گئی

March 20, 2023

اسلام آباد(صباح نیوز) آئی ایم ایف کے دباؤ پرامریکی ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث کمرشل بینکوں کے خلاف کارروائی روکی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمرشل بینکوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈالر کے ریٹ میں ہیر پھیر کے ذریعے اربوں روپے کا اضافی منافع کمایا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے میں 6 مقامی اور 2غیر ملکی بینک بھی ملوث ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے میں کارروائی ہوتی تو حکومت کو اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوتا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بینکوں پر زیادہ ٹیکس لگانے سے بھی اختلاف کیا ہے، حکومت بینکوں پر زیادہ ٹیکس عائد کرنے سے40ارب روپے کا ریونیو حاصل کر سکتی تھی۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ بینکوں کے خلاف کارروائی کا معاملہ حکومت کے زیرِ غور ہے۔ اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالے بینکوں کے خلاف انکوائری مکمل ہوچکی ہے، ملوث بینکوں کے خلاف کارروائی جلد کی جائیگی۔ حکام کے مطابق مستقبل میں بینکوں کو شفافیت یقینی بنانے کی وارننگ جاری کر چکے ہیں۔