لاہور، کراچی (نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف واپس آچکے ہیں، اگر حکومت نے رابطہ کرکے عوام کو ریلیف نہ دیا تو جماعت اسلامی اپنا لانگ مارچ شروع کرے گی، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے، منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس اور حیدرآباد میں لیوی کے خلاف جاری دھرنا کے 39ویں روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک گیر جلسوں کا شیڈول دیا اور کارکنوں کو ہدایات جاری کیں کہ آئی پی پیز ، مہنگا آٹا ، لیوی اور مہنگائی کے خلاف جاری دستخطی مہم کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں۔عوام قابو میں نہ رہے تو بات لیوی تک نہیں حکومت گرانے تک چلی جائے گی۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے کئی ادوار ہوچکے ہیں لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا، اب وزیراعظم کو خود مداخلت کرکے معاملہ حل کرنا ہوگا۔