انعامی رقم چھپانے پر تھائی شہری کا اپنی سابقہ اہلیہ پر مقدمہ

March 20, 2023

تھائی لینڈ کے ایک شہری نے اپنی سابقہ بیوی کے خلاف عدالت میں کیس کردیا۔

تھائی شہری کا موقف ہے کہ اس کی سابقہ اہلیہ نے الگ ہونے سے قبل 12 ملین بھات (تین لاکھ 52 ہزار امریکی ڈالرز کے مساوی) کی لاٹری ٹکٹ میں نکلنے والے انعامی رقم کو اس سے چھپایا اور فون پر علیحدگی کے بعد کسی اور سے شادی کرلی۔

نارین نامی 47 سالہ یہ تھائی شہری ایسان نامی علاقے کا رہنے والا ہے۔ اس نے حال ہی میں ایک وکیل کے ذریعے 20 برس تک اس کی اہلیہ رہنے والی 43 سالہ چاویوان کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کیا ہے جس سے اس کی تین بیٹیاں ہیں۔

اس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اس سے الگ ہونے تک لاٹری میں انعامی رقم نکلنے کے معاملے کو چھپا کے رکھا اور جب اس سے الگ ہوگئی تو کسی اور شخص سے شادی کرلی۔

اس کا مزید کہنا تھا کیونکہ وہ اپنے خاندان کی مالی آسودگی کی خاطر جنوبی کوریا میں ملازمت کررہا تھا اور اس کی سابقہ اہلیہ نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گزشتہ ماہ فون پر اس سے علیحدگی اختیار کرلی۔

اور جب وہ اس ماہ واپس آیا تاکہ اس کے الگ ہونے کی وجہ پوچھے تو معلوم ہوا کہ وہ تو کسی اور شخص سے شادی کرچکی ہے۔

اس کا کہنا تھا کہ اس نے جو کچھ کمایا اس میں سے صرف 60 ہزار بھات اپنے اکاؤنٹ میں رکھے اور باقی رقم ہر ماہ بیوی کو بھجوا دیتا تھا۔