بکنگھم پیلس کو شاہ چارلس کیلئے ایک نئے شیف کی تلاش کیوں؟

March 22, 2023

فائل فوٹو

برطانوی بادشاہ چارلس سوم کے لیے بکنگھم پیلس کو ایک نئے شیف کی تلاش ہے۔

شاہ چارلس ہفتے میں ایک دن گوشت، مچھلی اور ایسی غذا کھانے سے گریز کرتے ہیں جس میں دودھ شامل ہو۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بکنگھم پیلس ہیڈ شیف کی مدد کے لیے پریمیئر سوس شیف ​​کی پوزیشن پر بھرتی کے لیے ایک اشتہار دیا ہے۔

اس پوزیشن پر بھرتی میں کامیاب ہونے والے امیدوار کے کھانے سے نہ صرف شاہ چارلس بلکہ شاہی محل کا پورا عملہ اور مہمان بھی عظیم الشان سرکاری ضیافتوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے اس پوزیشن کے لیے دیے گئے اشتہار میں لکھا ہے کہ یہ نوکری بہت خاص ہے، پریمیئر سوس شیف ​​کی حیثیت سے آپ شاہی کچن میں باصلاحیت پیشہ ور افراد کی ٹیم کی قیادت کرنے میں مدد کریں گے۔

اشتہار میں لکھا ہے کہ ہیڈ شیف کی مدد کرتے ہوئے آپ روزمرہ کی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے اور چاہے اس کے عملے کا لنچ ہو یا کوئی عظیم الشان اسٹیٹ بینکوئٹ، آپ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر کھانا اعلیٰ معیار کا ہو۔

اشتہار میں مزید لکھا ہے کہ اس پوزیشن پر منتخب شیف ’تیس افراد کی ٹیم‘ میں شامل ہو گا اور ’چھ مختلف رہائش گاہوں‘ پر کام کرے گا اور مختلف ثقافتوں کے کھانوں کا مینیو تیار کرکے اور اسے بہترین موسمی اجزاء کے ذریعہ بنائے گا۔

اشتہار میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ یہ شیف اپنے آس پاس کے لوگوں کی حوصلہ افزائی اور انتہائی قابل ٹیم کی کارکردگی اور ترقی کی نگرانی کے ساتھ ساتھ نئے اراکین کی بھرتی اور تربیت بھی کرے گا۔