بھارت و بنگلا دیش میں چاند نظر نہیں آیا، امریکا، کینیڈا میں آج روزہ

March 23, 2023

کراچی / مکہ / نیویارک (نیوز ڈیسک / شاہد نعیم / عظیم ایم میاں)دنیا کے کئی ممالک میں ماہ رمضان کا آغاز ہوچکا ہے تاہم متعدد میں ابھی تک رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں رمضان المبار ک کاچاند نظر آگیا ہے تاہم پڑوسی ممالک بھارت اور بنگلا دیش میں چاند نہیں آیا جبکہ امریکا اور کینیڈا میں آج (جمعرات کو ) پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج روزہ رکھنے کا اعلان ہوچکا ہے ۔سعودی عرب کی تمام مساجد میں نماز تراویح ادا کی گئی جبکہ سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں ہوا جس میں 10لاکھ سے زائد زائرین نے شرکت کی، مسجد الحرام میں آمد ورفت کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے روٹس کی تنظیم نو کی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جمعیت علمائے ہند نے رمضان کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہے اور پہلا روزہ 24 مارچ بروز جمعہ کو رکھنے کا کہا گیا ہے۔اسی طرح بنگلادیش میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ بنگلہ دیش کی چاند دیکھنے والی نیشنل کمیٹی نے اعلان کیا کہ بنگلہ دیش میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس لیے پہلا روزہ 24 مارچ 2023ء کو ہوگا۔ سعودی عرب میں 23 مارچ جمعرات کو یکم رمضان المبارک 1444 ہجری ہوگا، حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ) میں بدھ کو بعد نماز عشا تراویح ادا کی گئی ۔ سعودی عرب کی وزارت انصاف نے اعلان کیا تھا کہ چاند دیکھنے کے لیے ایک خودکار الیکٹرانک نظام متعارف کرایا گیا ہے۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں کمیٹی نے بھی اعلان کیا کہ منگل 21 مارچ کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد پہلا روزہ جمعرات 23 مارچ کو ہوگا۔علاوہ ازیں ایران میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا پہلا روزہ کل ہوگا۔ ایرانی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران، متحدہ عرب امارات، خلیج فارس کی عرب ریاستوں، عراق اور دیگر اسلامی ممالک میں آج پہلا روزہ اور رمضان المبارک کی پہلی تاریخ کا اعلان ہوگیا۔نیویارک سے عظیم ایم میاں کے مطابق امریکا و کینیڈا میں ماہ شعبان کے 29؍ دن مکمل ہونے پر ر ویت ہلال پر عمل کرنے والی بعض مسلم تنظیموں نے چاند دیکھنے کیلئے اپنے اجلاس منعقد کئے لیکن کہیں سے چاند نظر آنے کی شہادت سامنے نہیں آئی اور تمام عقائد اور مکتبہ فکر کے مسلمانوں نے ماہ شعبان کے 30؍ روز مکمل ہو نے پر متفقہ طور پر 23؍ مارچ کو پہلا روزہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چاند کی گردش اور فلکیاتی امور کے ماہرین پہلے ہی 21؍ مارچ کو چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی کرچکے تھے جبکہ مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے والی تنظیموں نے پہلے ہی 23؍ مارچ کو پہلے روزہ کا اعلان کر رکھا تھا۔ ادھر کینیڈا میں بھی تمام مکتبہ فکر کی مسلمان تنظیموں نے 22؍ مارچ کو تراویح ادا کرکے 23؍ مارچ کو پہلا روزہ رکھا ۔ مساجد اور اسلامک سینٹرز میں نماز تراویح کے انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ نیویارک میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنی حدود میں واقع مساجد اور اسلامک سینٹرز پر پولیس آفیسرزکی ڈیوٹیوں کے ذریعے اضافی سیکورٹی اور تحفظ کے انتظامات کئے ہیں اور عبادات کیلئے آنے والوں کیلئے مخصوص اوقات پارکنگ کے قوانین میں بھی رعایت دی ہے۔ڈائریکٹر سعودی محکمہ امن عامہ کا کہنا تھا کہ عمرے کے لیے زائرین توکلنا اور نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کریں، مطاف کا پورا صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص کردیا گیا ہے،مسجد الحرام کی پہلی منزل، تیسری سعودی توسیع والی عمارت اور بیرونی صحن نمازیوں کے لیے مختص کیاگیا ہے، مسجد کی چھت بھی اس سال نماز کے لیے کھول دی گئی ہے، رمضان کے پہلے روزے سے عمرہ سیکیورٹی اسکیموں پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا، رمضان المبارک میں اعتکاف کرنے والوں کے استقبال کی تیاری بھی مکمل کرلی گئی ہے، سربراہ حرمین شریفین انتظامیہ شیخ السدیس کا کہناتھا کہ مسجد الحرام میں اعتکاف کے 2500 مقامات تیار کئے گئے ہیں ، ماہ مبارک کے آپریشنل پلان کے مطابق اس سال اعتکاف میں بیٹھنے کے لیے 2500 مقامات کافی ہوں گے۔الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ آخری عشرہ میں مردوں کے لیے شاہ فہد کا توسیعی تہہ خانہ، مرد وں اور عورتوں کے لیے تیسری سعودی توسیع میں پہلی منزل کےپیچھے اور درمیان میں ہال تیار کیے گئے ہیں۔رمضان المبارک کے آخری دس روز اعتکاف بیٹھنے والوں کو باہر نکلنے تک ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔