سال کے درميان حاصل ہونے والی رقم پر زکوٰۃ کا حکم

March 24, 2023

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:1۔ کرنٹ اکاؤنٹ میں رقم آتی جاتی ہے، اس پر زکوٰۃ کا حساب کیسے لگایا جائے گا ،کیونکہ کچھ رقم ایسی بھی ہے جس پر سال نہیں گزرا؟

2۔ میں پہلی رمضان کو زکوٰۃ کا حساب لگاتا ہوں، اب کچھ وقت پہلے میں نے گاڑی فروخت کی ہے، اس رقم پر زکوٰۃ کے بارے میں بھی وضاحت فرمادیں؟

جواب:واضح ہو کہ صاحبِ نصاب شخص کے لیے سال کے دوران جو ضرورت سے زائد مال میں اضافہ ہوتا ہے، اس کے لیے الگ سال کا حساب نہیں کیا جاتا، بلکہ وہ سال کے حساب میں پرانے اموال کے تابع ہوتا ہے ،مثلًا جو شخص صفر کی پندرہ کو صاحبِ نصاب بنا، پھر ربیع الثانی کی پہلی تاریخ کو اس کے مال میں اضافہ ہوا (چاہے کہیں سے ہدیہ ملا یا کاروبار میں نفع ہوا یا کسی اور سبب سے مال حاصل ہوا ) تو اس اضافی مال کی زکوٰۃ بھی اگلے سال پندرہ صفر کوادا کرنا واجب ہوگی، ایسا نہیں ہوگا کہ اس اضافی مال کی زکوٰۃ پہلی ربیع الثانی کو واجب ہو۔

1-صورت مسئولہ میں سال کے درمیان میں حاصل ہونے والی اضافی رقم پر الگ سے سال گزرنا شرط نہیں ہے بلکہ وہ اضافی رقم دیگر اموالِ زکوٰۃ ( یعنی نقدی، سونا، چاندی اور مالِ تجارت) میں ضم ہوجاتی ہے (یعنی مل جاتی ہے) لہٰذا زکوٰۃ کا سال مکمل ہونے کے وقت کرنٹ اکاونٹ (اور دیگر اموالِ زکوٰۃ ) کی (مجموعی) رقم پر زکوٰۃادا کرنا واجب ہوگا۔

2-گاڑی بیچ کر حاصل ہونے والی رقم کا بھی یہی حکم ہے۔