کراچی: گلوکار طلحہ 15 لاکھ کا سامان بھول گئے، سی اے اے نے واپس لوٹانے میں مدد کی

March 23, 2023

اسلام آباد سے کراچی پہنچنے والے ینگ اسٹنرز گلوکار طلحہ 15 لاکھ روپے مالیت کے سامان پر مشتمل اپنا شولڈر بیگ کراچی ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں بھول گئے جسے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اٹھایا اور مالک کے حوالے کر دیا۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق اسلام آباد سے کراچی پہنچنے والے مسافر طلحہ اپنا شولڈر بیگ ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں بھول کر چلے گئے تھے۔

لاوارث بیگ ملنے پر اسے ڈی ٹی ایم آفس میں جمع کروایا گیا تھا۔ ڈی ٹی ایم نے ویجیلنس اہلکاروں کی موجودگی میں بیگ کو چیک کیا۔

اس دوران بیگ میں موجود موبائل بج اٹھا اور کال اٹینڈ کی گئی تو پریشان گلوکار طلحہ کو بیگ وصول کرنے کےلیے ایئرپورٹ آنے کا کہا گیا۔

طلحہ ڈی ٹی ایم آفس آئے اور ویجیلنس اہلکاروں کی موجودگی میں بیگ ان کے حوالے کردیا گیا۔

شولڈر بیگ میں موجود اشیاء کی مالیت کا اندازہ تقریباً 15 لاکھ روپے لگایا گیا۔

گلوکار طلحہ جنہوں نے گزشتہ برس پی ایس ایل کا گانا بھی گایا تھا، نے سی اے اے حکام بلخصوض ویجیلنس اہلکاروں کی اپنے خط میں بھرپور تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔