گلوکار سونو نگم کے والد کے گھر سے سابق ڈرائیور 72 لاکھ روپے چرا کر فرار

March 23, 2023

معروف بھارتی گلوکار، میوزک ڈائریکٹر اور ڈبنگ آرٹسٹ سونو نگم کے والد اگم کمار نگم کے گھر سے 72 لاکھ روپے چرا لیے گئے، سونو نگم کے والد کو شک ہے کہ یہ واردات ان کے سابق ڈرائیور نے کی ہے۔

انہوں نے اس شبے کا اظہار بھی کیا کہ مذکورہ بالا واردات ان کے سابق ڈرائیور نے ان کے فلیٹ میں ڈپلیکیٹ چابی کے ذریعے داخل ہو کر کی اور فلیٹ کے بیڈ روم میں موجود ڈیجیٹل لاکر سے 72 لاکھ روپے چرا کر فرار ہوگیا۔

اگم کمار نگم نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں اپنے سابق ڈرائیور ریحان پر شک ہے کہ اس نے یہ واردات کی ہے۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اگم کمار کے بیان کے مطابق وہ اور ان کی بیٹی نکیتا نے اپنی سوسائٹی کا سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کیا تو انہوں نے ریحان کو ایک بیگ اٹھائے جاتا دیکھا ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اگم کمار کے بیان کے مطابقکیس درج کر کے ریحان نامی ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔