بلجیم میں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام قومی پرچم کشائی کی تقریب

March 24, 2023

برسلز (حافظ انیب راشد) سفارتخانہ پاکستان برسلز میں روایتی جذبہ حب الوطنی کے ساتھ یوم پاکستان منایا گیا۔ اس حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں چارج ڈی افیئرز سید فراز حسین زیدی نے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے پیغامات بھی شرکا کو پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم کو مبارکباد دی اور قوم کے بانیوں کی متحرک اور بصیرت انگیز قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کیلئے بانی رہنماؤں کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں بلجیم کے مختلف شہروں سے کمیونٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی۔