لاکھوں کے ڈاکے چوریاں، شہری 5 گاڑیوں، 35 موٹر سائیکلوں سے بھی محروم

March 24, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 5گاڑیوں 22موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز ،مویشیوں ،نقدی سے محروم ہوگئے۔ نوافرادسے جھپٹامارکرموبائل فون اورنقدی وغیرہ چھین لی گئی۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی شہریوں کو 13 موٹر سائیکلوں، لاکھوں کی نقدی و طلائی زیورات، موبائلز اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کردیا گیا۔ انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں ارسلان سے دو موبائل چھینے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کردیا۔تھانہ بنی کے علاقہ اقبال کالونی میں محمد افضل اپنی گاڑی میں بچوں کو سکول چھوڑنے جارہا تھا کہ 2 موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر اس سے 2 موبائل ،چھتری ، 500 اورگاڑی کا ریموٹ ۔حسن کالونی میں تین موٹرسائیکل سوار گلفراز سے اسلحہ کی نوک پرموبائل ،8 ہزار روپے شناختی کارڈچھین کر فرا رہوگئے، گولڈکاکام کرنے والاساجد منیر مال سپلائی کرنے جارہاتھا جوکہ ایک ہائی ایس گاڑی میں بیٹھا جس میں 4 نامعلوم اشخاص سوار تھے جب وہ مارگلہ کے قریب پہنچا تو ان میں سے ایک نے پسٹل نکال لیا اور اس سے 18لاکھ6ہزار300روپے موبائل اورجیولری مالیتی 15لاکھ 12ہزار 500 روپے چھین کر انڈ ر پاس ٹیکسلاکے قریب اتار کرفرارہوگئے۔تھانہ صدرواہ کے علاقہ میں محمد ایاز اپنے بڑے بھائی محمد فراز احمد کے ہمراہ اپنےجنرل سٹور میں موجودتھے کہ تین موٹرسائیکل سوار گن پوائنٹ پر ان سے 2موبائل اور ایک لاکھ 30ہزار روپے،واہ ماڈل ٹاؤن میں تین لڑکے گن پوائنٹ پر چودھری محمد نعیم کے بیٹے حماد اسلم سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل ، 3سوروپے اورکیلکولیٹر چھین کر فرار ہوگئے۔تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ ففتھ روڈپر وقاص اسلام کی دکان سے 40 تھان کپڑااور 40 ٹروزر،25 شرٹ اوردیگرسامان ،پنڈورہ میں امجدحسین کے گھر کے تالے کاٹ کر گھر سے 45ہزارروپے ،طلائی زیورات مالیتی ساڑھے پانچ لاکھ روپے اور پرائز بانڈز ایک لاکھ 17ہزارروپے ،مصریال روڈپرمحمد عادل کاموبائل ،پیپلزکالونی میں کاشف رمضان کاموبائل ،تھانہ مورگاہ کے علاقہ نیولالہ زارمیں ظفر اقبال کے گھرکالاک توڑکر 8لاکھ70ہزار،سونا مالیتی 32لاکھ روپے اور گھڑیاں مالیتی 2لاکھ روپے،تھانہ دھمیال کے علاقہ رنیال میں مسلم خا ن کےگھر کے تالے توڑکراس کی دو بھینسیں ،طلائی زیورات 2 تولے ، 3 لاکھ 11ہزار روپے اور رجسٹریشن بک گاڑی ،تھانہ چونترہ کے علاقہ حکیمال میں محمد ریاض کے گھرکاتالہ توڑکر لائسنسی ریوالور 32 بور معہ لائسنس، ایک لاکھ روپے اوردیگرسامان چوری ہوگیا۔بھارہ کہوکے علاقے میں حمزہ کی دکان کے تالے توڑ کر نقدی اورپندرہ موبائل،بنی گالہ کے علاقے میں سجاد کا ملکیتی بجلی کا کھمبا،شالیمار کے علاقے میں فیضان کے گھر سے چھ لاکھ 45ہزارروپے،، نون کے علاقے میں زاہد کے گھر گھسنے والے تین ڈاکوؤں نے سترہ لاکھ 45ہزارروپے، ملک حیدر عباس سے چار لاکھ روپے،زین سے دو موبائل نقدی، نون کے علاقے میں جاوید سے موٹر سائیکل، نیلو ر کے علاقے میں سخاوت کی دکان سے گیارہ لاکھ روپے مالیت کاسامان تالے توڑ کر، کورال کے علاقے میں سفیر سے موبائل ونقدی،راجہ آفتاب کے کلینک میں گھسنے والے ڈاکوؤں نے موبائل اور نقدی،نعمان کی ہمشیرہ اور والدہ سے نقدی وطلائی زیورات، لوہی بھیر کے علاقے میں عابد کے گھر سے طلائی زیورات، نقدی چرا لیے گئے۔ دیگر وارداتیں تھانہ وارث خان ، بنی ، نیوٹاؤن ، ریس کورس، ٹیکسلا، دھمیال ، وارث خان،سیکرٹریٹ،کراچی کمپنی، شمس کالونی ، سبزی منڈی کے علاقے میں ہوئیں۔