’پاکستان ’انتہائی آبی عدم تحفظ‘ کے شکار ممالک میں شامل ہے‘

March 25, 2023

کراچی(نیوزڈیسک) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کی رپورٹ میں پاکستان کو پانی کے حوالے سے انتہائی غیر محفوظ ملک قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پانی، ماحولیات اور صحت کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ میں پاکستان کو 23 ممالک کی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو پانی کے لیے انتہائی غیر محفوظ ہیں۔گزشتہ روز یو این یونیورسٹی کی جانب سے شائع ’گلوبل واٹر سیکیورٹی 2023جائزہ رپورٹ‘ میں کہا گیا ہے کہ3جغرافیائی خطوں میں سے مجموعی طور پر 33ممالک پانی سے محفوظ ہیں جب کہ تمام خطوں میں ایسے ممالک موجود ہیں جہاں آبی تحفظ بہت کم ہے۔رپورٹ کے ساتھ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اقوام متحدہ کے آبی ماہرین کی سربراہی میں تازہ ترین عالمی آبی جائزے سے پتا چلا کہ اب بھی نصف سے زیادہ عالمی آبادی کے لیے صاف پانی اور صفائی ستھرائی تک رسائی ایک خواب ہے جب کہ 70 فیصد سے زیادہ یا 5 ارب 50 کروڑ لوگوں کو صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔