کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے جدید دور میں علاج معالجے کی جو سہولتیں میسر ہیں، وہ ماضی کے ادوار میں موجود نہیں تھیں۔ یہ سہولتیں مسلسل تحقیق، ریسرچ اور جدت کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں تحقیق اور ریسرچ کے لئے متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم آج لیپ ٹاپ اور جدید ٹیکنالوجی نے تحقیق اور علمی کام کو انتہائی آسان بنا دیا ہے۔ نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے علم اور تحقیق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی سوچ یہ ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت نوجوانوں کا ہے، نوجوانوں کے کاندھوں پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ آپ صرف اپنے خاندان یا ادارے کے نمائندے نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ایسے عظیم قائد کے نام سے منسوب درسگاہ سے وابستہ ہیں جس کا نام محمد علی جناح اور سندھ کے حوالے سے ہے، اس لئے آپ پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنی محنت، کردار اور صلاحیتوں سے پاکستان، سندھ اور اپنی درسگاہ کا نام روشن کریں۔