APNS کا مرحوم عارف نظامی، مجیب الرحمٰن شامی، الطاف حسن قریشی اور ٹکا خان کو سرکاری ایوارڈز ملنے پر اظہار مسرت

March 25, 2023

کراچی(جنگ نیوز)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اپنے دو سابق صدور مرحوم عارف نظامی اور مجیب الرحمن شامی اور رکن ایمریطس چیف ایڈیٹر الطاف حسن قریشی کو سول ایوارڈز ہلالِ امتیاز اور ٹکا خان سیکرٹری جنرل آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کو پرائڈ آف پرفارمنس ملنے پر مسرت کا اظہار کرتی ہے۔ اے پی این ایس کی صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے مجیب الرحمن شامی، مرحوم عارف نظامی کے خاندان، الطاف حسن قریشی اور ٹکا خان کو صحافت اور پرنٹ میڈیا کے شعبے میں شاندار کارکردگی دکھانے کے اعتراف میں سول ایوارڈز سے نوازے جانے پر مبارکباد دی جو درحقیقت ملک میں صحافت کے فروغ اور ترقی کیلئے ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔ اے پی این ایس کے عہدیداران کو یقین ہے کہ مجیب الرحمن شامی، الطاف حسن قریشی اور ٹکا خان پرنٹ میڈیا اور آزادی صحافت کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔