رمضان مخلوق خداکی داد رسی کا درس دیتا ہے،عمرتوحیدی

March 26, 2023

مانچسٹر ( پ ر)پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں رحمت حق کی گھٹا چھاجاتی ہے اور بخشش وکرم کی بارش متواتر برسنا شروع ہو جاتی ہے۔ یہ ماہ مقدس نیکیوں کے موسم بہار کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان کی آمد پر ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مبارک مہینے میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے اور عبادات پر اجر و ثواب میں بے تحاشا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ رمضان المبارک صبر و قناعت اور مخلوق خداکی داد رسی اور اس کے ساتھ غم گساری کا درس بھی دیتا ہے اس میں کسی روزے دار کو روزہ افطار کروانا باعث ثواب ہے خواہ ایک کھجور کے ساتھ ہی ہو۔ اس مہینے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سخاوت بے حد بڑھ جاتی۔ اسی ماہ مبارک میں قرآن مجید نازل ہوا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم اس میں حضرت جبرایل علیہ السلام سے دور قرآن فرماتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ صیام میں دغابازی اور جھوٹ نہ بولنے کا ہمیں عہد کرنا ہوگا، وگرنہ ہمارا بھوکا، پیاسا رہنا ہمارے کسی کام نہیں آئےگا۔