پاکستان کو ون ڈے ورلڈکپ کا چیمپئن بنے 31 سال ہوگئے

March 26, 2023

لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان کو ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بنے 31سال ہوگئے،وہ 25مارچ کا ہی دن تھا جب عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی تھی، قومی ٹیم نے 1992ء میں آج کے دن ایک بڑا کارنامہ انجام دیا تھا۔میلبرون کے گرائونڈ میں 25مارچ کا ہی دن تھا جب پاکستان کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا تھا۔عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی تھی۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹوں کے نقصان پر 249رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لئے 250رنز کا ہدف دیا لیکن انگلش ٹیم 227رنز بنا کر آل آئوٹ ہو گئی تھی۔یوں پاکستان نے انگلینڈ کو 22شکست دے کر کرکٹ کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ آل رائونڈ کارکردگی پر وسیم اکرم میچ کے بہترین رہے تھے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر 1992ء کے ورلڈ کپ کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔آئی سی سی نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ 1992ء میں آج کے دن عمران خان کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزار حاصل کیا تھا۔