کراچی (اسٹاف رپورٹر) سلمان علی آغا ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں بیٹنگ فارم کی تلاش میں تھے ، ٹیم انتظامیہ نے انہیں لارڈز ٹیسٹ کے بعد دیگر چھ کھلاڑیوں کے ساتھ وطن بھیج دیا تھا لیکن انہوں نے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ میں ٹرپل سنچری بنادی۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے دن اتوار کو محمد طحہ، محمد سلیمان، محمد فاروق اور عمران رفیق نے بھی سنچریاں اسکور کیں۔ کنگز مین نے پہلی اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر 565 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔ جواب میں کھیل کے اختتام تک ایم آئی ٹی سلیوشنز نے تین وکٹوں پر 179 رنز بنا لیے۔ ایم آئی ٹی کے اوپنر محمد فاروق نے سنچری 95 گیندوں پر 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سےبنائی۔ عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں کے آر ایل نے غنی کے خلاف پہلی اننگز نو وکٹوں پر 547 رنز بنا کر ڈکلیئر کی ۔ عمران رفیق نے سنچری، عاصم علی ناصر کے 87 جبکہ شاہین شاہ آفریدی کے 47رنز بنائے۔ جواب میں دن کے اختتام تک غنی گلاس نے 200 رنز پانچ آؤٹ بنائے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں محمد طحہ کی سنچری کی بدولت سرکاری ٹی وی پہلی اننگز میں 400 آل آؤٹ ہوگئی۔ شارون سراج 92 رنز بنا سکے۔ اوجی ڈی سی ایل کے 90 رنز پر پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ۔ شعیب اختر ا سٹیڈیم راولپنڈی میں اسٹیٹ بینک پہلی اننگز میں 158 رنز پر ڈھیرہوگئی۔ جواب میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے پانچ وکٹوں پر 161 رنزبنائے۔