ایشیا کپ کا ہائی برڈ شیڈول، نجم سیٹھی نے اے سی سی کو قائل کرلیا، اعلان چند دنوں میں کیا جائیگا

March 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی کوششوں سے ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کا ہائی برڈ شیڈول تقریباً مان لیا ہے اور اس کا اعلان چند دنوں میں کیا جائے گا۔ نجم سیٹھی دبئی میٹنگ میں مکمل ہوم ورک کے ساتھ گئےاور بھارت پر واضح کردیا کہ اگر وہ ایشیا کپ کے لئے پاکستان نہیں آئیں گے تو پاکستان بھی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ 2023ء میں بھارت سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناکر اپنے میچ کھیلنے پاکستان نہیں آئے گا۔ جبکہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہی رہے گی۔ ممکنہ طور پر بھارت کے میچ سری لنکا میں ہوں گے۔ ایشیاء کپ کے دیگر میچز پاکستان میں ہی ہوں گے اور اس حوالے سے فارمولے پر عمل ہونے کی قوی امید ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نئے فارمولے کی منظوری دے گی، ایشیاء کپ کے لیے بھارت کے پاکستان نہ آنے پر تیسرے ملک میں میچز کا فارمولا دیا گیا ہے۔ ایشیاء کپ کے لیے پاکستان کے نئے فارمولے کا اگلے چند روز میں فیصلہ متوقع ہے، اس پر عمل ہوا تو پاکستان ورلڈ کپ کے میچز بھی تیسرے ملک میں کھیلے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے فارمولے پر عمل کی صورت میں پاکستان رواں برس ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا اور اس بارے میں پی سی بی نے آئی سی سی حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے ورلڈ کپ کے میچز سری لنکا میں کرانے کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔