کراچی(اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے تیسرے دن منگل کو چار میں سے تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ واپڈا نے کے آر ایل کو 6 وکٹ، غنی گلاس نے اوجی ڈی سی ایل کو 7 وکٹ اور ایس این جی پی ایل نے ساحر ایسوسی ایٹس کو اننگز اور151 رنز سے شکست دی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں واپڈا نے کے آر ایل کیخلاف 163 رنز کا ہدف چار وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ اس سے قبل کے آر ایل دوسری اننگز میں 197 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں غنی گلاس نے اوجی ڈی سی ایل کے خلاف ملنے والا 78 رنز کا ہدف تین وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ اوجی ڈی سی ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں 127 رنز بناسکی تھی۔ آفاق آفریدی نے 30 رنز دے کر 5 اور میچ میں9 وکٹیں حاصل کیں۔ نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں ساحر ایسوسی ایٹس کی ٹیم ایس این جی پی ایل کے خلاف فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد باسط نے 107، عاصم علی ناصر 71 نے اور محمد فائق نے 54 رنز بنائے۔ اطہر محمود نے 66 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں سرکاری ٹی وی کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف دوسری اننگز میں 293 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد سلیمان 100 اور عرفات منہاس 81 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اسٹیٹ بینک نے 240 رنز کے ہدف کے جواب میں 8 وکٹ پر 148 رنز بنائے تھے۔ محمد ہریرہ نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔