پرائم نے معاشی استحکام کیلئے 47 نکاتی میثاق معیشت جاری کردیا

March 27, 2023

اسلام آباد(اے پی پی) معروف تھینک ٹینک پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی (پرائم) ایک ممتاز تھنک ٹینک نے ملکی معیشت کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے، پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور معاشی استحکام و بحالی کے لیے 47 نکاتی میثاق معیشت جاری کردیا ہے ۔ چارٹر آف اکانومی میں جامع منصوبہ بندی کا خاکہ پیش کیا گیا جس کا مقصد اقتصادی مسائل سے نمٹنا ہے۔ چارٹر آف اکانومی بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اور شرح نمو میں کمی اور موجودہ معاشی صورتحال کے تناظرمیں تیار کیا گیا ہے۔چارٹر آف اکانومی میں اقتصادی چیلنجز جیسے معاشی ترقی کو فروغ دینے ، افراط زر کو کم کرنے اور ملازمتیں پیداکرنے کیلئے کئی سفارشات پیش کی گئی ہیں، مالیاتی نظم و ضبط ، حکومتی اخراجات میں کمی ، ٹیکس اصلاحات کے ذریعے محصولات میں اضافہ ، منصفانہ ٹیکس ، زکوٰۃ کی وصولی کو مرکزی بنانا، نیشنل ٹیکس ایجنسی کا قیام اور اجارہ داریوں کا خاتمہ اہم سفارشات میں شامل ہیں ۔چارٹر آف اکانومی میں پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر سیکرٹریز کا تقرر ، مالیاتی ذمہ داری کمیشن اور پبلک ڈیبٹ کمیشن قائم کر نے کی سفارش بھی گئی ہے۔