کلائمٹ چینج کی تباہ کاریوں سے بھاگ کر آنے والوں کو ویزے دیئے جائیں، تھنک ٹینک

March 28, 2023

لندن (پی اے) ایک مقامی تھنک ٹینک نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ کلائمٹ چینج کی تباہ کاریوںسے بھاگ کر آنے والوں کو ویزے دئے جائیں،تھنک ٹینک کاکہناہے کہ کلائمٹ چینج کی تباہ کاریوں سے بھاگ کرآنے والوں کیلئے قانونی راستے کھولنے سے غیر قانونی ترک وطن کی روک تھام کیلئے بارڈر سیکورٹی کے اخراجات کم کئے جاسکتے ہیں۔تھنک ٹینک کا کہناہے کہ اگلے 30سال کے دوران لاکھوں افراد کلائمٹ چینج کی وجہ سے بے گھر ہوجائیں گے ان میں سے کچھ لوگ غیر قانونی راستوں سے برطانیہ آنا چاہیں گے،اپنی رپورٹ میں اس نے کہاہے کہ قدرتی تباہ کاریوں سے متاثرہ لوگوں کیلئے ویزا اسکیم جاری کرکے ان لوگوں کو برطانیہ میں رہ کر وطن واپسی سے پہلے اپنی زندگی استوار کرنے کیلئے محنت کرکے رقم کمانے یا پھر واپسی کا کوئی راستہ نہ ہونے کی صورت میں یہیں مستقل آباد ہوجانے کا موقع ملے گا۔ رپورٹ میں یہ بھی تجویز پیش کی گئی ہے کہ کلائمٹ چینج سے بہت زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کے لوگوں کو قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے تاکہ وہ اگر چاہیں تو اپنے وطن واپس جاکر اپنے ہم وطنوں کی مدد کرسکیں ورنہ محدود مدت کیلئے یہاں رہ کر روزی کماسکیں رپورٹ میں کہاگیاہے کہ ایک بہترین امیگریشن سسٹم اور سرحدوں پر غیر قانونی تارکین کو روکنے کیلئے زیادہ سخت انتظامات عوام کا اعتماد برقرار رکھنے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں ۔تجویز کے مطابق نئی قابل کنٹرول ویزا اسکیم سے کلائمٹ چینج کی وجہ سے بے گھر ہونے والے انتہائی ضرورت مند لوگوں کو برطانیہ آنے کی اجازت دینے سے حکومت کو اپنے امیگریشن سسٹم کے وقار کا تحفظ کرنے میں مدد ملے گی۔رپورٹ میں کہاگیاہےکہ یہ صحیح ہے کہ برطانیہ کلائمٹ چینج سے شدید متاثر ہونے والے تمام لوگوں کی مدد نہیں کرسکتا لیکن برطانیہ اس کا اظہار کرسکتاہے کہ وہ اس مصیبت میں اپنا کردار کرنے کو تیار ہے۔رپورٹ میں کلائمٹ چینج کے اثرات سے نمٹنے کیلئے نجی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے ترقی پزیر ممالک میں کچھ سرمایہ کاری کرنے کوبھی کہاگیاہے تاکہ لوگوں کو شدید موسم کی صورت میں اپنے گھر نہ چھوڑنا پڑیں۔ رپورٹ کے ایک شریک مصنف ٹیڈ کرسٹی ملر نے کہا ہے کہ ہم کلائمٹ کی بنیاد پر مائیگریشن کو 21 صدی کا بحران بننے کی اجازت نہیں دے سکتے اس لئے حکومت کو ابھی سے اقدامات کرنے چاہئیں اور انتہائی شدید متاثر ہونے والے ممالک کلائمٹ میں نرمی پیدا کرنےکیلئے محفوظ اور قانونی ویزا کے راستے کھول دینے چاہئیں۔