لیڈی ڈاکٹر کی پراسرار موت، ینگ ڈاکٹرز کا کنگ ایڈورڈ انتظامیہ پر الزام

March 28, 2023

لاہور(جنرل رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز نے خاتون ڈاکٹر کی پراسرار موت کا الزام کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ پر عائد کر دیا ، لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائے ڈی اے رہنماؤں نے کہا کہ ساتھی ڈاکٹرز کے مطابق کئی ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کے باعث خاتون ڈاکٹر دباؤکا شکار تھیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے ہاسٹل میں 29 سالہ ڈاکٹر نسیم اعجاز کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں،ڈاکٹر ابوبکر گرمانی اور ڈاکٹر شعیب نیازی نے لیڈی ڈاکٹر کی موت کی ایف آئی آر ہسپتال انتظامیہ کے خلاف کاٹنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 48 گھنٹے میں ذمہ داروں کا تعین نہ ہوا تو پنجاب کے ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کردیں گے ، لیڈی ولنگڈن ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون ڈاکٹر عارضہ قلب میں مبتلا تھیں، اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کروانے سے بھی انکار کیا ہے جب کہ پنجاب حکومت نے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے ۔