• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیجیٹل پولیسنگ اور عوامی شمولیت، آن لائن کھلی کچہری میں 14 ہزار شہری شریک

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈیجیٹل پولیسنگ اور عوامی شمولیت؛ آن لائن کھلی کچہری میں 14 ہزار شہری شریک ،ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی دوسری آن لائن کھلی کچہری، شہریوں سے براہِ راست رابطہ، مسائل اور تجاویز سنیں ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی جانب سے شہریوں سے براہِ راست رابطے اور مسائل کے فوری حل کے لیے دوسری آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیس بک کے ذریعے تقریباً 14 ہزار شہریوں نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست سنیں جبکہ گزشتہ آن لائن کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تجاویز پر ہونے والی پیش رفت سے بھی شہریوں کو آگاہ کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی نشاندہی پر لاہور کے انڈر پاسز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انڈر پاسز کو مزید محفوظ بنانے کے لیے جلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، جن کے ذریعے انڈر پاسز کی نگرانی اور جرائم کی روک تھام مزید مؤثر بنائی جائے گی۔فیصل کامران نے کہا کہ لاہور پولیس میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، شہری کرپشن میں ملوث پولیس اہلکاروں یا عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ تھانوں میں نصب کیمروں کے ساتھ وائس ریکارڈنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے تھانے میں آنے والے شہری اور پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی ریکارڈ کی جا سکے گی۔ ویڈیو اور وائس ریکارڈنگ کے ذریعے تھانوں میں پولیس کے عمل اور شہریوں سے رابطے کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گھریلو ملازمین رکھنے سے قبل ان کا تھانوں یا خدمت مراکز میں اندراج ضرور کروائیں۔ ملازم کا پولیس ریکارڈ چیک کرانے سے شہریوں کو جرائم پیشہ افراد سے محفوظ رہنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ اندراج کی صورت میں گھریلو ملازم کا ریکارڈ پولیس کے پاس بھی موجود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کرایہ داری اور لین دین کے معاملات میں شہری قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ضروری دستاویزات مکمل رکھیں۔ سود خوری کے خلاف لاہور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، شہری سود خوروں اور فراڈ عناصر کی نشاندہی کریں اور ان کے چنگل میں پھنسنے سے گریز کریں۔فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہریوں کی تجاویز پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے آن لائن کھلی کچہری کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
لاہور سے مزید