خواتین کیلئے خدمات پر کونسلر قیصر عباس کیلئے ایوارڈ

March 29, 2023

لندن (پ ر) کونسلر قیصر عباس کو خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تھرک کونسل کے کیبنٹ ممبر فار کلچر و کمیونٹیز کو ویمن لیڈرشپ کانفرنس 2023کا خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ وہ اس کانفرنس میں ایوارڈ حاصل کرنے والے واحد مرد تھے دی گوڈ سمارٹئین فاؤنڈیشن کی جانب سے لندن میں منعقدہ اس کانفرنس اور ایوارڈ تقریب میں مختلف خواتین اور کونسلر قیصر عباس کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دیئے گئے۔ اس موقع پر ٹی جی ایس فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر قونصلر فونمی اڈیمیلو کا کہنا تھا کہ مجھے کونسلر قیصر عباس کو ان کی بہترین کارکردگی اور خواتین کو بااختیار بنانے میں خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ یہ اس بات کا اظہار ہے کہ ہم ان کی خواتین اور نوجوانوں کی بہتری کیلئے کی گئی خدمات کو سراہتے ہیں۔ کونسلر قیصر عباس نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ملنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، مجھے پہلے بھی درجنوں ایوارڈز مل چکے ہیں اور ہر ایک ایوارڈ مجھے اس بات کا حوصلہ دیتا ہے کہ میں خواتین، نوجوانوں اور دیگر کمیونٹیز کے افراد کی خدمت پہلے سے بہتر کروں، میں اس آرگنائزیشن اور نامزد کرنے والی شخصیت کا مشکور ہوں۔