فرانس، پنشن اصلاحات کے متنازع قانون کیخلاف ملک گیر ہڑتال

March 29, 2023

پیرس (اے ایف پی) فرانس میں لاکھوں افراد صدر میکرون کی پنشن اصلاحات کیخلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج، منگل کو ایک بار پھر پولیس اور مظاہرین میں جگہ جگہ جھڑپیں ہوئی ہیں، مزدور یونینز کی جانب سے جاری ہڑتال اور مظاہروں کے آغاز کے بعد سے منگل کے دسویں بار ملک گیر ہڑتال رہی، پیرس میں کچرا اٹھانے والے کارکنوں کی یونین کے تین ہفتوں کی ہڑتال کے دوران دارالحکومت میں ہزاروں ٹن کچر جمع ہوگیا ہے ہے۔ مزدور یونینز کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے پنشن اصلاحات کا متنازع قانون واپس لئے جانے تک احتجاج جاری رکھیں گے، منگل کے روز ملک بھر میں مظاہرین سے نمٹنے کیلئے 13 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ مشرقی پیرس میں پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور اس وقت لاٹھی چارج کیا جبکہ سیاہ لباس پہنے اور چہرے ڈھانپے چند مظاہرین نے ایک دکان پر حملہ کرکے آگ لگانا شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے دارالحکومت سے 27 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گار ڈی لیون کے ٹرین اسٹیشن پر مظاہرین نے ٹرینوں کو روک کر احتجاج کیا، اس دوران مظاہرین ٹرینوں میں شمعیں جلائے گھومتے رہے، مظاہرین نے اس عمل سے ریلوے کے ایک کارکن کو خراج تحسین پیش کیا جس کی ایک آنکھ گزشتہ مظاہرے کے دوران ضائع ہوگئی تھی۔ نانٹز شہر میں مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر پٹرول بموں سے حملے کئے جبکہ فورسز نے آنسو گیس کی جوابی شیلنگ کی۔ شہر میں ایک بینک کو جلادیا گیا جبکہ جگہ جگہ پڑے کچرے کے ڈھیروں کو بھی آگ لگادی گئی۔ لیون شہر میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پانی کی توپ کا استعمال کیا جبکہ للی شہر میں مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جو ایک بس اسٹاپ کو نقصان پہنچا رہے تھے۔