پول ہاربر میں ایک دن میں 200 بیرل تیل کا بہہ جانا ناقابل قبول ہے

March 30, 2023

لندن (پی اے) ڈورسیٹ میں پول ہاربر کے ایک کونسلر نے کہاہے کہ آف شور آئل فیلڈ کی پائپ لائن سے پول ہاربر میں ایک دن میں 200بیرل تیل کابہہ جانا ناقابل قبول ہے۔برن مائوتھ اور پول کونسل کے قائد فلپ براڈ ہیڈ نے کہا ہے کہ تیل کے رسائو کے حوالے سے سنگین سوالات جواب طلب ہیں ،تیل کے رسائو کے بعد لوگوں سے ہاربر اور ارد گرد کے علاقے میں پیراکی نہ کرنے کو کہاگیاہے ،تیل کا رسائو آئل فیلڈ کی پراسیسنگ فیکٹری Wytch فارم سے شروع ہوا اس فیکٹری میں یومیہ کم وبیش 14,000بیرل کی پراسیسنگ کی جاتی ہے ،براڈ ہیڈ نے کہا کہ جب پہلی مرتبہ مجھے اس رسائو کی اطلاع ملی تو مجھے بہت مایوسی ہوئی اور غصہ بھی آیا ،مجھے ایک معمولی رسائو کی اطلاع ملی تھی جس میں اچانک تیزی آگئی ۔ کمپنی نے مزید رسائو کو روک دیا ہے اس لئے یہ کہا جاسکتاہے کہ ہم ایک بڑی تباہی سے بچ گئے انھوں نے کہا کہ صبح تک مجھے اس سے زیادہ کچھ خبر نہیں ملی ہے لیکن ابتدائی طورپر معلوم ہواہے کہ پانی کی سطح پر موجود تیل اب ختم ہورہاہے،انھوں نے کہاکہ آپ اسے سمندر سے جلد از جلد باہر نکالنا چاہیں گے کیونکہ یہ قطعی ناقابل قبول ہے ،آپریٹر نے پہلے ہی بتادیاہے کہ اس رسائو کی وجہ کی تفتیش کی جارہی ہے لیکن بعض اہم سوالات جواب طلب ہیں ،ماہرین اب ہاربر پر آکر رسائو کے اسباب کا جائزہ لیں گے ،اس رسائو کے نتیجے میں کم وبیش 200 بیرل تیل بہ گیا تیل کمپنی کا کہناہے کہ ایک بیرل میں 158 گیلن تیل ہوتاہے ،کمپنی کے مطابق بہنے والے تیل میں پانی ملاہوا تھا اور اس میں 85 فیصد پانی اور صرف 15 فیصد تیل تھا ،بہنے والے تیل کی صحیح مقدار کا پتہ نہیں چل سکا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی مقدار بہت کم تھی جسے فوراً ہی روک دیاگیاتھا ،پول ہاربر یورپ کی سب سے بڑی قدرتی بندرگاہ تصور کی جاتی ہے اور اس علاقے کا 5,000 ایکڑ کا رقبہ خصوصی سائنسی اہمیت کا حامل ہے ،اس پر نمک کی تہہ اور اس میں بہتی ہوئی کیچڑ سمندری چڑیوں کی افزائش نسل کی بہترین جگہ ہے ،یہ اپنی نوعیت کا پہلا علاقہ ہے جسے خاص طورپر فیڈنگ ایریا کے تحفظ کیلئے سمندر کے جوار بھاٹا کے علاقے میں شامل کیاگیا ۔2019 میں اس علاقے میں توسیع کردی گئی تھی۔لوگوں کیلئے جاری کردہ ہدایت میں کہاگیاہے کہ اگر کسی کو سمندر میں بہتاہو ا تیل لگ گیاہے تو وہ فوری طور صاف پانی اور صابن سے وہ جگہ دھوکر صاف کرلے اگر یہ تیل آنکھوں پر لگ گیاہے تو ۤآنکھوں کو بھی صاف پانی سے اچھی طرح دھولینا چاہئے۔