پیمرا کو چینل فیس ادائیگی میں تاخیر پر سرچارج لگانے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ

March 30, 2023

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پیمرا کو چینل فیس ادائیگی میں لیٹ ہونے پر سرچارج لگانے کا اختیار نہیں ۔ 7صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کے سیکشن 9(5) کے مطابق پیمرا لائسنس فیس کے تاخیر سے جمع ہونے پر سرچارج لگا سکتا لیکن سالانہ فیس کے تاخیر ہونے پر سرچارج نہیں لگا سکتا۔ واضح رہے کہ 2010میں پیمرا نے مختلف نجی ٹی وی چینلز کو سالانہ فیس میں تاخیر ہونے پر سرچارج جمع کروانے کیلئے شوکاز نوٹس جاری کئے تھے جسے چھ مختلف ٹی وی چینلز نے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پیمرا کے شوکاز نوٹسز کو قانون کے بر خلاف ہونے پر منسوخ کردیا تاہم پیمرا نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس پر جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 24فروری کو سپریم کورٹ میں سماعت کی تھی۔