دودھ دہی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے سے خریداری میں نمایاں کمی

April 01, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں دودھ اور دہی کی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ جاری ،ملک شاپس مالکان نے سرکاری نرخ نامہ ہوا میں اڑا دیا ۔ ملک شاپس پر فی لیٹر دودھ 200روپے جبکہ دہی فی کلو 220 روپے تک فروخت کی جارہی ہے جبکہ انتظامیہ کی ملک شاپس و ڈیری مالکان کیخلاف کاروائیاں بھی نرخوں میں کمی نہیں لا سکی ہیں ۔دوسری جانب دودھ کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے باعث فروخت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے دکانوں کے فریج دودھ سے بھرے پڑے ہیں جبکہ فریجوں میں مزید گنجائش نہ ہونے کے باعث دودھ خراب ہو رہا ہے اور اکثر دکاندار خاص طور پر ڈیری فارمرز شہر کے مختلف چوراہوں پر دودھ فی لیٹر 150روپے فروخت کر رہے ہیں ۔