میرے والد بدل گئے ہیں، نوجوت سنگھ سدھو کی رہائی کا منتظر بیٹا

April 01, 2023

فائل فوٹو

سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو بھارت کی پٹیالہ جیل سے 10 ماہ بعد رہائی ملنے والی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 59 سالہ نوجوت سنگھ سدھو کی رہائی سے متعلق انہی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔

آج صبح کئے گئے ٹوئٹ کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو آج دوپہر میں پٹیالہ جیل کے باہر سے پریس کانفرنس کریں گے۔





نوجوت سنگھ سدھو کی رہائی سے قبل جیل کے باہر انتظار کرنے والے ان کے بیٹے کرن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل خانہ ان کی رہائی کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہے۔

کرن کا کہنا تھا کہ ان کے والد سب سے پہلے ماں سے ملنے گھر جائیں گے، جو اس وقت کینسر میں مبتلا زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

کرن نے کہا کہ میرے والد ایک بدلے ہوئے آدمی ہیں، جیل میں انہیں اپنے لیے بہت وقت ملا، انہوں نے بہت غور کیا، میں اب چاہتا ہوں کہ میری والدہ اور والد ایک ساتھ معیاری وقت گزاریں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کو 1988 کے روڈ ریج ڈیتھ کیس میں سپریم کورٹ نے ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

جس کے مطابق ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ 27 دسمبر 1988 کو سدھو نے گرنام سنگھ کے سر پر مکّا مارا تھا جس سے ان کی موت ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال مئی میں نوجوت سنگھ سدھو کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔