تاریخ، تہذیب، ثقافت، مذہبی مقامات، کوہ پیمائی اور ٹریکنگ میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے پاکستان بہترین ہے، سلجوق مستنصر تارڑ

April 02, 2023

دی ہیگ (راجہ فاروق حیدر) ہالینڈ میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان ہاؤس دی ہیگ میں’’ایکسپلور پاکستان‘‘ کے موضو ع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پاکستان کی کثیر جہتی سیاحتی صلاحیت کو ڈچ سیاحتی صنعت کے سامنے پیش کرنا تھا۔ تقریب میں معروف سیاحتی کمپنیوں، میڈیا اور ائر لائنز کے نمائندوں، PUM اور VvKR کے ٹریول ماہرین نے شرکت کی۔ جمی نیلسن عالمی شہرت یافتہ بصری کہانی سنانے والے اور مشہور ڈچ کوہ پیما ولکو فان روئین نے پاکستان کے سفر سے متعلق اپنے تجربات بیان کئے۔ پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے مینجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے سیاحتی اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ سفیر پاکستان سلجو ق مستنصر تارڑ نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ ہالینڈ سے آنے والے سیاحوں کیلئے پاکستان کا انتخاب کیوں ہونا چاہئے۔ سلجوق تارڑ نےبتایا کہ تاریخ اور تہذیب سے دلچسپی رکھنے والے لوگ کس طرح وادی سندھ کی تہذیب، بدھ مت یا جہاں سکندر اعظم نے اپنی مشہور جنگ لڑی تھی، وہ مقامات د یکھنے جا سکتے ہیں۔ جغرافیہ اور زمین کی خوشنمائی سے دلچسپی رکھنے والے سیاح صحراؤں یا میدانی علاقوں کا دورہ کر سکتے ہیں اور ٹریکنگ کر سکتے ہیں۔ یا کوہ پیمائی کے شوقین پاکستان کے شمالی علاقوں کا دورہ کر سکتے ہیں جن میں کچھ بلند ترین پہاڑوں اور میدانوں اور قطبی علاقوں سے باہر سب سے زیادہ برف ہے اور جو لوگ ثقافتی یا مذہبی مقامات میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ پاکستان بھر میں سکھ مذہب کے مقدس مقامات یا صوفی مزارات کا دورہ کر سکتے ہیں، انہوں نے مہمان نوازی کی صنعت میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ایک کاروباری مقام کے طور پر بھی ذکر کیا۔ حاضرین کو پاکستان کے جغرافیہ اور ثقافتی ورثہ پر مختلف موضوعاتی ویڈیوز دکھائی گئیں۔ جمی نیلسن نے مقامی ثقافتوں کے ذریعے اپنے سفر کو بیان کیا اور سامعین کے سامنے ٹیڈ ٹاک اسٹائل پریزنٹیشن میں پاکستان کو دنیا کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک قرار دیا اور کہا ایک نوجوان ایڈونچر اور فوٹوگرافر کے طور پر پاکستان ان کی پہلی منزلوں میں سے ایک تھا۔ ولکو فان روئین ڈچ کوہ پیما نے پاکستان میں اپنے تجربات پر ایک کتاب ʼʼSurviving K2ʼʼ لکھی ہے جو انگریزی اور ڈچ دونوں زبانوں میں شائع ہوئی ہے۔ ولکو فان روئین نے پاکستان، اس کے لوگوں اور ثقافت کی تعریف کی۔ انہوں نے سامعین کو تاکید کی کہ اگر وہ کچھ مختلف تجربہ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پاکستان کا سفر کرنا چاہئے۔ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف جن کے پاس K2 کی چوٹی پر سب سے کم عمر کوہ پیما ہونے کا گینز ورلڈ ریکارڈ ہے، نے بھی عملی طور پر اس میں شامل ہونا تھا لیکن نیپال میں انا پورنا کی جاری مہم کی وجہ سے وہ نہیں ہو سکے۔ آفتاب الرحمان رانانے کہا کہ پاکستان کو قدرتی تنوع کے ساتھ ایک منفرد جغرافیائی محل وقوع حاصل ہے جس میں سمندری ساحل سے لے کر دنیا کے بلند ترین پہاڑ ہیں یہ عظیم پہاڑی سلسلوں جیسے ہندوکش، ہمالیہ اور قراقرم کے ملنے کی جگہیں ہیں جو پاکستان کے شمال میں ملتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ابھرتے ہوئے ایڈونچر ٹورازم کا بھی احاطہ کیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جس میں ہالینڈ سمیت کئی ممالک کے باشندوں کیلئے آن لائن ویزا کی سہولت بھی شامل ہے پریزنٹیشنز کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ ڈچ ٹور آپریٹرز نے پاکستان میں سیاحت کے مواقع کے بارے میں مزید جاننے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان میں سے کچھ نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان کیلئے گروپ بکنگ شروع کر دی ہے۔ سفیر تارڑ نے مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے سفر میں سہولت فراہم کرنے کیلئے پاکستانی سفارت خا نہ کی مدد کا یقین دلایا۔