مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اٹھانے کی اشد ضرورت ہے، ممتاز بٹ

April 02, 2023

لوٹن ( نمائندہ جنگ) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے نومنتخب جنرل سیکرٹری پروفیسر ممتاز بٹ اور چیئرمین تحریک آزادی کشمیر بورڈ ریاض بٹ نے مشترکہ بیان میں نئی ذمہ داریاں ملنے پر کہا کہ مسلم کانفرنس نے ان کا انتخاب کر کے جو ذمہ داریاں انہیں سونپی ہیں ان پر وہ پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ کشمیری کمیونٹی کو اپنی تمام توانائیاں مسئلہ کشمیر کو خارجہ سطح پر اٹھانے پر مرکوز کرنے کی اشد ضرورت ہے،بھارت سازش کرکے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ہندوئوں کی آبادکاری کر رہا ہے، اس کا عالمی برادری کو نوٹس دلایا جائے کیونکہ بھارت جب بڑی تعداد میں غیر ریاستی ہندووں کو کشمیر میں آباد کر چکے گا اس کے بعد کسی بھی وقت رائے شماری کا ڈھونگ رچا کر صورتحال سے فائدہ اٹھائے گا، بھارت کی کشمیری مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کو کشمیری ہر سطح پر بے نقاب کریں۔ _ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں دوسری جماعتوں کے لوگوں سے مل کر تحریک آزادی کشمیر پر لوگوں کو متحرک کرنا ہے اور مسئلہ کو برطانوی اداروں میں اٹھانے کیلئے اقدامات کرنے ہیں۔