سائٹ میں بھگدڑ سے ہلاکتیں، فیکٹری مالک سمیت تمام ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

April 02, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے سائٹ ایریا میں بھگدڑ سے 12افراد کی ہلاکتوں کے کیس میں فیکٹری مالک سمیت تمام ملزمان کو 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ فیکٹری مالک سمیت آٹھ ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فیکٹری مالک عدالت میں زار و قطار روتا رہا۔ وکلا صفائی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے کوئی جرم نہیں کیا۔ زکوٰۃ بانٹ رہے تھے ،تفتیشی افسر کی جانب سے کہا گیا کہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا جس سے ہلاکتیں ہوئیں، تفتیشی افسر نے ملزمان کے 14 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف کوئی جرم نہیں بنتا ہے، بری کیا جائے ،ملزمان نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ہے ، فیکٹری مالک عبد الخالق اس وقت وہاں موجود نہیں تھا جسے گرفتار کیا گیا ہے ، عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیکٹری مالک سمیت تمام ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔