سرگودھا، مفت آٹا پوائنٹ پر بزرگ شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

April 02, 2023

سرگودھا(نمائندہ جنگ )سرگودھا میں مفت آٹا پوائنٹ پربزرگ شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔ سرگودھا کے گنجان آباد علاقہ صابر ٹاؤن کا رہائشی محمد ریاض اپنے بیٹے جہانگیر کے ہمراہ مفت آٹا لینے کیلئے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول استقلال آبادپوائنٹ پر پہنچا تو اچانک طبیعت خراب ہوگئی اور محمد ریاض زمین پر گر گیا ، سنٹر پر موجود ریسکیو 1122 نے فوری طبعی امداد کیلئے بزرگ شہری کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج محمد ریاض زندگی کی بازی ہار گیا، متوفی کےبیٹے جہانگیرنے والد کی موت کو قدرتی قرار دیتے ہوئے وڈیو پیغام میں بتایا کہ میرے والد محمد ریاض پہلے ہی دل اور گردوں کےعارضے میں مبتلا تھے اور دو دفعہ انہیں پہلے بھی ہارٹ اٹیک ہو چکا تھاتو اس لئے میر ے اہل خانہ کسی قسم کی قانونی کاروائی نہیں چاہتے ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔