مفتی عبدالقیوم قتل، پولیس افسر ملوث، سپاری دیئے جانے کا انکشاف

April 02, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہرمیں مولانا صوفی مفتی عبدالقیوم کے قتل کی سپاری دینےکے حوالے سے تفتیش میں اہم انکشاف ہوا ہے۔مفتی عبدالقیوم کی ٹارگٹ کلنگ میں پولیس افسر ملوث نکلا،مفتی عبدالقیوم کے قتل کی سپاری دینے والے سے متعلق اہم انکشاف سامنے آئے ہیں۔ تفتیشی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قتل کی سپاری پولیس کےانٹیلی جنس افسر محمد عتیق نےدی، ملزم پولیس افسر قتل کی واردات براہ راست سی سی ٹی وی کیمرے پر دیکھتا رہا۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ مفتی عبدالقیوم کاقتل بھی ملزم محمد عتیق کے گھر کے سامنے ہی کیا گیا اور قتل کی واردات سے قبل پولیس افسرعتیق ملزمان سے رابطے میں تھا۔حکام کے مطابق ملزم پولیس افسر محمد عتیق کا ٹرانسفر حال ہی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے میں کیا گیا تھا، ملزم پولیس افسر محمد عتیق کئی حساس اور اہم مقامات پر ڈیوٹیاں بھی دیتارہا اور کرائے کے قاتلوں کو 2مزید افراد کے قتل کی سپاری دےرکھی تھی ۔تفتیشی ذرائع نے بتایا تھا کہ صوفی عبدالقیوم کونشانہ بنانے سے قبل مکمل ریکی کی گئی اور ممکنہ طور پر اجرتی قاتلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمان کو داخلی وخارجی راستوں کے بارے میں معلومات تھیں جبکہ مسلح ملزمان نے ہدف کو اکیلا دیکھ کر ٹاسک پورا کیا، گولی چلانے والے ملزم نے ماسک جبکہ دوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔