نارتھ کراچی میں ہاکی سرگرمیوں میں اضافہ،گراؤنڈ کی تزئین و آرائش

April 30, 2023

الصغیر ہاکی کلب نے فلڈ لائیٹس رمضان ہاکی لیگ جیت لی، جے جے ہاکی اکیڈمی کو 3 گول سے شکست دیکر چیمپئن بنے کا اعزاز حاصل کیا، فاتح ٹیم کے گول محمد بلاول، علی عباس اور حذیفہ شاہد نے اسکور کئے، حریف ٹیم کو گول مرتضیٰ نے بنایا، الصغیر ہاکی اسٹیڈیم نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں کھیلے گئے فائنل کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطیٰ طحہ سلیم تھے ، انہوں نے کہا کہ نارتھ کراچی اکیڈمی اور الصغیر ہاکی کلب کی کوششوں سے یہ ویران گراؤنڈ اب جگمگانے لگا ہے نارتھ کراچی میں ہاکی کو فروغ دینے میں ان لوگوں کا بڑا کردار ہے، فلڈ لائیٹس کی سہولت میسر آنے کے بعد اب یہاں رات میں بھی میچز کا انعقاد ہورہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے گرائونڈ میں گراس لگانے سمیت تزئین و آرائش کا کام کرانے کی فوری طور پر ہدایات بھی جاری کی ،ممبر صوبائی اسمبلی وسیم قریشی نے ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے کام کے اعلان پر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا ،نارتھ کراچی انڈسٹریز ایسوسی ایشن (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز نے کہا کہ نارتھ کراچی میں قومی کھیل کے فروغ پر انہیں بے حد خوشی ہے وہ چاہتے ہیں کہ نیو کراچی اور نارتھ کراچی سے ہاکی کا مزید نیا ٹیلنٹ سامنے آئے۔

اس موقع پر نعیم حیدر نے بھی خطاب کیا ، مہمان خصوصی نے فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن، ڈی جی پارکس اینڈ ری کریشن کے ایم سی جنید اللہ خان، اولمپیئن قمر ابراہیم، محمد علی خان، ڈپٹی ڈائریکٹر کے ایم سی ندیم خان، الصغیر ہاکی کلب کے سیکریٹری سید صغیر حسین، صدر عظمت پاشا، سابق کوچ قومی فٹبال ٹیم ناصر اسماعیل، پروفیسر رائو جاوید اقبال اور دیگر بھی موجود تھے.