دبستانِ شعر ... عقاب

May 03, 2023

شیخ ایاز

عقاب اپنے نشیمن کی طرف لوٹ رہا ہے

وہ کوہسار کھیرتھر کی چوٹیوں پر کئی باراُڑا تھا

شیخ ایاز

کئی بار اُس کے پروں نے سنگلاخ

چٹانوں پر سایہ کیا تھا

کئی بار اس نے تپتی ہوئی دھرتی کی

فضائے آتشیں سے نفرت کی تھی

اور جلتے ہوئے سورج کو خشمگیں نگاہوں سے دیکھا تھا

کئی بار اس نے سانپوں پر جھپٹ کر

انہیں اپنے پنجوں سے چیر ڈالا تھا

اس سارے وقت میں اسے یاد بھی نہ تھا کہ

اس کا کوئی نشیمن بھی ہے

عقاب تھکتے تو نہیں ہیں۔ عقاب بوڑھے بھی نہیں ہوتے

ہاں! یہ اور بات ہے کہ سورج ڈوب رہا ہے

اور عقاب اپنے نشیمن کے طرف لوٹ رہا ہے

……کتنی پیاری رات ہے……

آرے زنداں کے جھروکے سے نہار کتنی

پیاری رات ہے گر رہی ہے

آسماں سے چاندنی کی آبشار

کر رہی ہے دو جہاں پر وار کوئل کی پکار

یہ ہوا یہ سامنے لمبی کھجوروں کی قطار

چاند بھی سیخوں سے تجھ کو جھانکتا ہےبار بار

ناچ سکتا ہے گھڑی بھر اپنی زنجیروںمیں یار

گارے پیارے یہ درو دیوار کب ہیں پائیدار

کتنی پیاری رات ہے

تنگ آ چکے ہیں کشمکشِ زندگی سے ہم

…… ساحر لدھیانوی……

ساحر لدھیانوی

تنگ آچکے ہیں کشمکشِ زندگی سے ہم

ٹھکرا نہ دیں جہاں کو کہیں بے دلی سے ہم

مایوسئ مآل محبت نہ پوچھیے

اپنوں سے پیش آئے ہیں بیگانگی سے ہم

لو آج ہم نے توڑ دیا رشتۂ امید

لو اب کبھی گلہ نہ کریں گے کسی سے ہم

ابھریں گے ایک بار ابھی دل کے ولولے

گو دب گئے ہیں بار غم زندگی سے ہم

گر زندگی میں مل گئے پھر اتفاق سے

پوچھیں گے اپنا حال تری بے بسی سے ہم

اللہ ر ے فریب مشیت کہ آج تک

دنیا کے ظلم سہتے رہے خامشی سے ہم