پاکستان تائی کوانڈو کھلاڑیوں نے جاپان میں تمغوں کا میلہ لوٹ لیا

May 07, 2023

انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے پانچ گولڈ میڈل اور ایک کانسی کا تمغہ جیتنے والے طلباء کا سینیٹر عبدالحسیب خان، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ ،ڈاکٹر اخترعزیز،قیصرعالم، نجم ، ٹیم لیڈرعامر شہاب کے ساتھ گروپ

جاپان کے شہر اوساکا میں ہونے والی انٹر نیشنل تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان نے پانچ گولڈ، دو سلور ایکبرانز میڈلز جیت لئے ، پاکستانی کھلاڑی نے اپنی شان دار کار کردگی سے تمغوں کا میلہ لوٹ لیا،اس ایونٹ کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستان کی جانب سے پانچوں گولڈ میڈلز اسپیشل کھلاڑیوں نے جیتے، انہوں نے اپنی پر فار منس سے پوری قوم کے دل جیت لئے، اس کامیابی کا سہرا دستے کے چیف انٹر نیشنل گرینڈ ماسٹر ایم نجم خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے کھلاڑیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا،ایونٹ میں25 ملکوں کی ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں میزبان جاپان نے پہلی ،کوریا نے دوسری اور پاکستان نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کے عبد القادر، غلام مصطفی،ابراہیم ضمیر، محمد تابش عالم نے گولڈ میڈل جیتے، سلور میڈل جتنے والوں میں خواتین مقابلے میں ہندو لڑکی میشیکا اور مردوں میں اشرعامر شامل ہیں۔ برانز میڈل یاسرعلی نے اپنے نام کیادستے کے سربراہ انٹر نیشنل ماسٹر ایم نجم خان نے دستے کی کار کردگی کو سراہا، پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے دستے کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ ارکان مسٹر حافظ مہرشمس اور مسٹرشہزاد علی بھی موجود تھے۔

سفیر نے مختلف معذور نوجوانوں میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے تائیکوانڈو فاؤنڈیشن اور دیگراداروں کی ٹیم کے سربراہ نجم خان اور ٹیم مینجر عامر شہاب کی کوششوں کو سراہا۔ سفیر پاکستان نے ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے، سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ اور حافظ محہرشمس کو کمیونٹی خدمات پر پاکستانی دستے کے کے سربراہ نجم خان نے شیلڈ اور اجرک پہنائی، وطن واپسی پر کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر(کے وی ٹی سی)کے سی ای اوسینیٹر عبدالحسیب خان کی جانب سے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر میزبان نے کہا ہے کہ کے وی ٹی سی کے6 طلبہ نے 5گولڈ ،دو سلور اور ایک برا نزمیڈل حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کیا، اس موقع پر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ ،ڈاکٹر اخترعزیز،قیصر عالم، ثناء ایاز گرینڈ ماسٹر نجم ، عامر شہاب،فرحین عامر بھی موجود تھے، میڈلز جیت کر آنے والے طلباء کا شان دار استقبال کیا گیا۔

عبدالحسیب خان نے کہا کہ ہمارے سینٹر کے بچے کھلوں اور ایجوکیشن میں ہی سرفہرست نہیں بلکہ عالمی معیار کی ہینڈی کرافٹ،گارمنٹس اوردیگر مصنوعات تیار کررہے ہیں، سینٹر کے جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ کے وی ٹی سی نے مختلف ایونٹس میں ڈھائی ہزار میڈلز جیتے ہیں ، فرحان عیسیٰ نے کہا کہ ادارے کے طلباء کی کھیلوں کے میدان میں شاندار کارکردگی اور عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا فخر کی بات ہے۔کے وی ٹی سی کے صدرڈاکٹر اختر عزیز نے کہا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو تیار کرکے عالمی مقابلوں میں بھیج رہے ہیں اور آگے بڑھارہے ہیں۔

نائب صدر قیصر عالم نے کہا کہ جاپان میں ہونے والے مقابلوں میں8میڈلز جیت کر لانا کوئی عام محنت نہیں بلکہ طویل جدوجہد کا ثمر ہے۔ نجم خان نے کہا کہ جلد ہی کے وی ٹی سی کے تعاون سے پہلی تائی کوانڈو چیمپئین شپ دبئی میں آرگنائز کریں گے،عامر شہاب نے بتایا کہ کے وی ٹی سی کے تین طلباء ورلڈ گیم میں حصہ لینے کیلئے برلن(جرمنی)جانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔