شمالی کوریا، 2 سالہ بچے کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

May 28, 2023

سیئول (نیوزڈیسک)شمالی کوریا میں ممانعت کے باوجود عیسائی والدین کی جانب سے مقدس کتاب ’بائبل‘ رکھنے پر 2سالہ بچے کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا میں عیسائیوں کو ان کی مقدس کتاب ’بائیل‘ رکھنا ممنوع ہے اور جو اس کے ساتھ پکڑا جاتا ہے اسے سزائے موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ان کے اہل خانہ بشمول بچوں کو عمر قید کی سزا دی جاتی ہے۔محکمہ خارجہ کی بین الاقوامی مذہبی آزادی کی رپورٹ برائے 2022کے مطابق شمالی کوریا میں دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ تقریباً 70ہزار عیسائی بھی قید ہیں رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیل بھیجے جانے والوں میں ایک 2 سالہ بچہ بھی تھا، جس کے والدین کو 2009 میں مبینہ طور پر مذہبی رسومات کی ادائیگی اور بائبل رکھنے کے جرم میں پکڑ کر سزائے موت جبکہ اہل خانہ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔کوریا فیوچر کی دسمبر 2021میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا میں مذہبی آزادی کو خواتین کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔ اس رپورٹ میں 151عیسائی خواتین جو بدسلوکی کا شکار ہوئی، ان کے تجربات کو قلم بند کیا گیا۔