کیوں نا پورے کراچی کو وفاق کی ذمہ داری میں دیدیا جائے،خالد مقبول

May 28, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کراچی کے پانی کی ذمہ داری وفاق کو دے رہے ہیں تو کیوں نا پورے کراچی کو وفاق کی ذمہ داری میں دے دیا جائے،سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جبکہ سندھ میں انکی حکومت شہریوں کے ساتھ مودی والا کام کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت 27 مئی کو بہادرآباد پارک میں سانحہ پکا قلعہ حیدرآباد کے شہدا کی برسی کے سلسلے میں قرآن و فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال، ڈپٹی کنوینر انیس قائمخانی اور وفاقی وزیر سید امین الحق سمیت رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کراچی کے پانی کی ذمہ داری وفاق کو دے رہے ہیں تو کیوں نا پورے کراچی کو وفاق کی ذمہ داری میں دے دیا جائے، پچاس سال کی تاریخ بتارہی ہے کہ پاکستان کی ضرورت اور صوبے کے حکمرانوں کی عیاشی کو بھی کراچی برداشت کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ اور مہاجروں کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے کہا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی لاش پر بنے گی، ہم نے پیپلز پارٹی کے متعصبانہ رویے کے باوجود پچاس سال سے سندھ کو جوڑے رکھنے کی کوشش کی ہے اورہم اپنے حصے سے زیادہ کی قربانی دے چکے ہیں، ہم ریاست کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم تاریخ میں منافق نہیں باغی کی حیثیت سے رہنا چاہتے ہیں اگر ہمیں مزید دیوار سے لگایا گیا تو دیوار کے گرنے کے زیادہ امکانات ہیں،مملکت ریاست عدالت اور سیاست پچاس سال سے قربانی دینے والوں کو انصاف فراہم کرے۔